عالم اسلام

افغان طالبان کا عید الفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان

افغان طالبان نے عید الفطر کے موقع پر تین دن کے لیے افغان سکیورٹی فورسز کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے تاہم اس کا اطلاق غیر ملکی افواج پر نہیں ہو گا۔
افغان طالبان نے اپنے گروپ میں شامل تمام جنگجوؤں کو ہدایت کی ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات میں اپنی تمام کارروائیاں روک دیں لیکن اس کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ انھیں حملے کی صورت میں اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
خیال رہے کہ 2001 میں امریکہ کے افغانستان میں حملے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری طرف حکام کے مطابق صوبے کندوز میں طالبان اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان لڑائی میں کم از کم 19 پولیس اہلکار اور نو عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ طالبان نے کہا ہے کہ یہ حملہ انھوں نے کیا تھا۔
اس سے قبل مغربی صوبے ہرات میں صوبائی حکومت کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ جمعہ کو طالبان نے ایک حملے میں کم از کم 17 افغان فوجی ہلاک کر دیے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اس حملے میں آٹھ طالبان بھی جاں بحق ہوئے تھے۔
اس سے پہلے گذشتہ ہفتے ہی افغان حکومت نے یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ طالبان کا فیصلہ عسکریت پسندوں کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ یہ سمجھ سکیں کہ ’ان کی پرتشدد مہم‘ افغان عوام کے دل و دماغ نہیں جیت رہی بلکہ انھیں افغان عوام سے الگ تھلگ کر رہی ہے۔
افغان حکومت نے اگرچہ طالبان کو جنگ بندی کی پیشکش کی تھی تاہم اس نے خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والے شدت پسند گروہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ صدر اشرف غنی کی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی پہلی غیر مشروط پیشکش کی تھی اور اس سے پہلے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد فتویٰ جاری کیا گیا تھا جس میں عسکریت پسندوں کی تشدد کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی تھی۔
یہ مذہبی رہنما خود دولتِ اسلامیہ کے ایک حملے میں نشانہ بنائے گئے تھے جب کابل میں نصب امن کے خیمے کے داخلی دروازے پر خود کش حملے کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
اب یہ واضح نہیں کہ جنگ بندی کا اطلاق کب سے ہو گا کیونکہ عید الفطر کا اعلان چاند نظر آنے پر ہو گا تاہم افغان حکومت کے کلینڈر کے مطابق رمضان کا اختتام 15 جون کو ہو گا۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں اس کی فوج اور اتحادی جنگ بندی کا احترام کریں گے۔
خیال رہے کہ اس وقت افغانستان میں غیر ملکی افواج کی تعداد 15 ہزار کے قریب ہے اور گذشتہ برس امریکی صدر نے فوج کو نکالنے کی ڈیڈ لائن دیے بغیر ملک میں شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائیوں میں اضافے کا حکم دیا تھا۔

baloch

Recent Posts

مکہ مکرمہ: حرمین میں لگی سنگ مرمر کی ٹائلوں کی نمائش کا اہتمام

مکہ مکرمہ: حرمین میں لگی سنگ مرمر کی ٹائلوں کی نمائش کا اہتمام

1 day ago

ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا

ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا

1 day ago

کوئی بھی کتاب قرآن جتنی اثرانگیز نہیں ہے / قرآن حق اور سعادت کے چاہنے والوں کے لیے نجات کا آخری راستہ ہے

کوئی بھی کتاب قرآن جتنی اثرانگیز نہیں ہے / قرآن حق اور سعادت کے چاہنے…

3 days ago

زاہدان کے علما و قرآنی کارکنان کا مشاورتی اجلاس منعقد

زاہدان اور نواحی علاقوں کے علما، ائمہ مساجد اور قرآنی کارکنان کا ایک مشاورتی اجلاس…

3 days ago

مولانا مفتی محمدقاسم بنی‌کمال (قاسمی) کا نئے ہجری سال 1448 کے آغاز پر پیغام

مولانا مفتی محمدقاسم بنی‌کمال (قاسمی) کا نئے ہجری سال 1448 کے آغاز پر پیغام

1 week ago