عالم اسلام

او آئی سی اجلاس، مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطینی دارالحکومت تسلیم کرنیکا مطالبہ

امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم ) کو اسرائیلی دارالحکومت قراردینے کے مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس جاری ہے اور ترکی نے عالمی برادری سے یروشلم کو فلسطینی دارالحکومت تسلیم کرنے کی درخواست کی ہے۔
ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس ہورہا ہے، اجلاس میں پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کررہے ہیں۔ یہ ہنگامی اجلاس ترکی کے صدررجب طیب اردوان نے تنظیم کے چیئرمین کی حیثیت سے طلب کیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیل قابض اور دہشت گرد ریاست ہے، صہیونی فوج فلسطینیوں کے بچوں کو بھی شہید کررہی ہے، ہم مسلمانوں کے خلاف مزید مظالم برداشت نہیں کر سکتے، اسرائیل دوسرے علاقوں پر قبضہ کرکے اپنا رقبہ تیزی سے بڑھا رہا ہے اور فلسطین کے رقبے میں نمایاں کمی آرہی ہے، مقبوضہ بیت المقدس پر امریکی فیصلہ اخلاقی اقدار کے منافی ہے اور یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مشرقی یروشلم کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جائے اور اس کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی۔
چاؤش اولو نے کہا کہ تمام مسلم ممالک ایک آواز ہوکر دنیا کے دوسرے ممالک کو قائل کریں کہ وہ 1967 کی فلسطینی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں اور مشرقی یروشلم کو اس ریاست کا دارالحکومت تسلیم کریں۔
فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے کہا کہ امریکا کا بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، فلسطین کے حل کے بغیر مشرق وسطی میں امن نہیں آسکتا، ہم بیت المقدس کا دفاع کرنا جانتے ہیں، امریکی صدر کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے جس سے انتہا پسندوں کو فائدہ پہنچے گا، ہم آزاد فلسطینی ریاست کے مطالبے سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔
اسلامی سربراہی کانفرنس کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر رکن ممالک کے سربراہان القدس کے حساس معاملے پر مشترکہ موقف اپنانے اور امریکی انتظامیہ کو اپنے فیصلے پرنظر ثانی پرمجبور کرنے کی حکمت عملی بھی طے کریں گے۔
واضح رہے کہ او آئی سی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی استنبول پہنچ گئے، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی ہیں، اجلاس میں پاکستانی وزیر اعظم فلسطینی عوام کیلئے حکومت اورعوام کی غیر متزلزل حمایت سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں اس کام کا وعدہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ ارض فلسطین پر قبضہ کرکے 1948 میں اسرائیل کا ناجائز قیام عمل میں آیا تھا جس میں مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) شامل نہیں تھا۔ تاہم اسرائیل نے 1967 میں عرب اسرائیلی جنگ کے دوران مشرقی یروشلم سمیت باقی فلسطین پر بھی قبضہ کر لیا تھا اور بعد ازاں اسے اپنا حصہ قرار دے دیا تھا۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اسرائیلی قبضے کو ناجائز تسلیم کرتے ہوئے اس سے 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر واپس جانے کا مطالبہ کرتی ہے۔

baloch

Recent Posts

ایرانی عوام شدید ترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں؛ حکومت، پارلیمان اور نظامِ حاکمیت عوام کے معاشی حالات پر توجہ دیں

ایرانی عوام شدید ترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں؛ حکومت، پارلیمان اور نظامِ حاکمیت…

2 days ago

خراسان کے اہلِ سنت کا بارہواں فقہی اجلاس منعقد ہوا

خراسان کے اہلِ سنت کا بارہواں فقہی مشاورتی اجلاس جمعرات کی صبح، 22 اکتوبر 2026ء…

2 days ago

حجاب اور اسرائیل کے معاملے پر اختلافات، ترکیہ آذربائیجان کے درمیان بڑھتی دوریاں

ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات میں تناؤ بڑھنے لگا ہے۔

6 days ago

فرانس میں مہنگائی کے خلاف پرتشدد احتجاج جاری، وزیراعظم کی کرفیو لگانے کی تجویز

فرانس کے وزیرِاعظم سیباستیان لیکورنو نے پیر کے روز مختلف علاقوں میں محدود پیمانے پر…

6 days ago

خطے میں کشیدگی؛ فیلڈ مارشل اہم دورے پر تہران پہنچ گئے

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔

6 days ago

جمہوریہ آذربائیجان کے اسکولوں میں حجاب پر پابندی جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے؛ صدرِ آذربائیجان اپنا حکم واپس لیں

جمہوریہ آذربائیجان کے اسکولوں میں حجاب پر پابندی جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے؛ صدرِ…

1 week ago