زاہدان/تہران (سنی آن لائن) ایران کی سرکاری ٹی وی میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی شان میں گستاخی کا مکروہ سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین واقعہ میں ایک مشہور پروگرام میں پروگرام میزبان نے حضرات طلحہ و زبیر اور ابوموسی اشعری رضی اللہ عنہم کی شان میں گستاخی کرکے ان پر لعنت بھیجی۔
اہل سنت ایران کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق، سرکاری ٹی وی چینل ’نسیم‘ میں ایک پاپولر پروگرام کے دوران معروف مزاحیہ اداکار اور ہدایت کار ’مہران مدیری‘ نے اسلامی اخلاق و اقدار کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے لطیفوں کے لیے حضرات طلحہ و زبیر اور ابوموسی اشعری رضی اللہ عنہم کے نام زبان پر لایا اور ان پر لعن طعن کیا۔
یہ پروگرام ہفتہ تیرہ اگست کی رات کو سرکاری انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل سے نشر ہوا۔ سب سے پہلے سوشل میڈیا میں سنی شہریوں نے بڑے پیمانے پر غم وغصے کا اظہار کیا۔ چند گھنٹوں کے اندر گستاخانہ لطیفے کے ویڈیو کلپ مختلف ایپس میں شیئر ہوگیا جس سے پوری سنی برادری سراپا احتجاج بن گئی ۔
اعلی سطح پر اہل سنت سے تعلق رکھنے والے ارکان مجلس شورا (پارلیمنٹ) نے تحریری طور پراس گستاخی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مجلس شورا میں اہل سنت کو بیس ارکان نمائندگی کررہے ہیں۔
پارلیمنٹ کے وائس سپیکر ڈاکٹر علی مطہری نے اہل سنت کے احتجاج کو بجا یاد کرتے ہوئے سرکاری ٹی وی کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا سنی برادری کی درخواست پر توجہ کریں۔ پارلیمنٹ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے واحد سنی رکن ’محمد قسیم عثمانی‘ نے علیحدہ بیان دیتے ہوئے اس واقعے پر شدید احتجاج کیا۔
دریں اثنا ایران کے طول و عرض سے تعلق رکھنے والی متعدد شیعہ و سنی شخصیات نے بھی مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے مہران مدیری اور سرکاری ٹی وی کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا ہے گستاخی کے اس سلسلے کو روکیں اور تازہ ترین واقعے پر معافی مانگیں۔