بلوچستان کی مذہبی جماعتوں نے نیا اتحاد تشکیل دے دیا، اتحاد ملت اسلامیہ محاذ (امام) کے نام سے قائم اتحاد میں ۷ مذہبی جماعتیں شامل ہیں،
بلوچستان کی مذہبی جماعتوں نے امام کے نام سے نیا اتحاد تشکیل دے دیا، اتحاد ملت اسلامیہ محاذ میں جمعیت علماء اسلام (ف)، جماعت اسلامی، مرکزی جمعیت اہل حدیث، مجلس وحدت المسلمین، جے یو آئی (س) اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت شامل ہیں۔ اتحاد ملت اسلامیہ محاذ کے صدر جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مولانا محمدخان شیرانی کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مولانا علی محمد ابوتراب جنرل سیکرٹری ہوں گے۔
دیگر جماعتوں کے رہنما نائب صدور کے طور پر اتحاد کے لیے کام کریں گے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امام کے رہنماؤں نے مذہبی جماعتوں کے اتحاد کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمدخان شیرانی کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتیں ہماری تقسیم کے درپے ہیں، اتحاد کا دوسرا اجلاس ۲۵ اگست کو طلب کیا گیا ہے۔
رہنماؤں کے مطابق ملک کی دیگر مذہبی جماعتوں کے علاوہ سیاسی جماعتوں کو بھی اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔
روزنامہ اسلام، ۱ اگست ۲۰۱۶ء