نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری، ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین حاجی فدا حسین دشتی نے معروف بلوچ اسکالر اور عالم دین مفتی احتشام الحق آسیا آبادی اور ان کے بیٹے مولانا شبیراحمد آسیا آبادی کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ فعل قرار دیا۔
انہوں نے کہا مفتی احتشام الحق آسیاآبادی جیسے قدآور عالم دین کا بیٹے سمیت قتل لمحہ فکریہ ہے. مفتی صاحب ایک ایسی شخصیت کے مالک تھے جو ہر ایک کیلئے قابل قبول تھے، علاقہ میں قتل و دیگر تنازعات کے پر امن تصفیہ کرانے میں ان کا اہم کردار رہا ہے وہ امن و آشتی کے داعی اور غیر جانبدار شخصیت کے مالک تھے، ان کی شہادت سے مکران کی فضاء سوگوار ہے.
دشتی نے کہا شہید مفتی احتشام الحق آسیا آبادی اور ان کے بیٹے کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کے تدارک کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں.
انہوں نے شہید مفتی صاحب کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی تا کہ وہ یہ عظیم صدمہ برداشت کرسکیں۔
روزنامہ انتخاب (۲۷ جولائی ۲۰۱۶)