- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

اللہ تعالی کی اطاعت اور مخلوق سے اچھائی ایمان کے اہم شعبے ہیں

مولانا عبدالغنی بدری نے بیس مئی دوہزار سولہ کے خطبہ جمعہ میں سورت ذاریات کی بعض آیات کی تلاوت سے اپنے بیان کا آغاز کرتے ہوئے اللہ تعالی اور اس کے بندوں کے حقوق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
’سنی آن لائن‘ کی رپورٹ کے مطابق، اہل سنت زاہدان کے نائب خطیب نے زاہدانی نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے ایمان کے شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا: ہمارے ایمان کے دو اہم شعبے ہیں؛ ایک یہ ہے کہ اللہ تعالی کے تمام احکام کے سامنے سرتسلیم خم کریں۔ دوسرا اللہ تعالی کی مخلوقات سے اچھائی اور نرمی کا معاملہ کیا جائے۔
انہوں نے مزیدکہا: ایمان کی تکمیل دو چیزوں سے ممکن ہے۔ اللہ کی مخلوق صرف انسان نہیں ہیں۔ جانوروں کے بھی کچھ حقوق ہیں جس طرح حدیث شریف میں آیاہے بعض لوگ جانوروں کے حقوق کی خاطر سزا پائیں گے۔
مولانا بدری نے انسانوں کے حقوق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: انسان اللہ تعالی کی باعزت ترین اور اشرف مخلوق ہے اور اس کے حقوق بھی تمام مخلوقات کے حقوق سے بڑھ کر ہیں۔ جو لوگ دن رات عبادت اور نوافل میں گزارتے ہیں لیکن اپنے پڑوسیوں، ساتھیوں اور دوستوں سے اچھا برتاو نہیں رکھتے، یہ لوگ حقوق العباد کی پامالی کا ارتکاب کرچکے ہیں۔ ایسے لوگ ’کامل الایمان‘ نہیں ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا: اسی طرح، اگر کوئی شخص شب و روز خلق خدا کی خدمت میں مصروف رہیں، لیکن اللہ کی عبادت سے غافل رہے، اس کا ایمان بھی کامل نہیں ہے۔ متقی اور کامل الایمان لوگ اللہ تعالی اور اس کے بندوں کے حقوق کا خیال رکھتے ہیں۔ ایسے ہی متقی لوگ قیامت کے روز جنت کے حقدار بن جاتے ہیں۔
نائب صدر اور ناظم تعلیمات جامعہ دارالعلوم زاہدان نے ’اچھائی‘ اور ’احسان‘ کو متقی لوگوں کی دیگر خصوصیت یاد کرتے ہوئے کہا: احسان اور بھلائی کا مفہوم عام ہے جو اللہ تعالی اور اس کے بندوں دونوں کے حقوق کو شامل ہے۔
انہوں نے کہا: متقی و پرہیزگار لوگوں کی دوسری خصوصیت یہ ہے کہ رات کو کم سوتے ہیں اور زیادہ تر اللہ تعالی کی عبادت میں مصروف ہوتے ہیں۔ یہ لوگ رات کے آخری پہر کو استغفار میں گزارتے ہیں۔
دارالعلوم زاہدان کے تفسیر و حدیث کے سینئر استاذ نے نادار لوگوں سے تعاون کو متقی لوگوں کی صفت یاد کرتے ہوئے کہا: قرآن پاک کے مطابق متقی لوگوں کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ اپنی جائیداد اور مال کے بعض حصے غریبوں اور محتاج لوگوں کے لیے مختص کرتے ہیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں ماہ شعبان و رمضان کی آمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے نائب خطیب اہل سنت زاہدان نے کہا: شعبان و رمضان عبادت کے مہینے ہیں اور ان مہینوں میں زیادہ سے زیادہ اللہ کی عباد ت کریں اور اس کی مخلوق کی خدمت میں لگ جائیں۔