Categories: عالم اسلام

شامی فوج کا محاصرہ، مضایا میں بھوک اور موت کے ڈیرے

شامی فوج اور اس کی اتحادی ملیشیا حزب اللہ کے محاصرے کا شکار قصبے مضایا میں خوراک اور طبی امداد کے انتظار میں مزید پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں

شامی فوج اور اس کی اتحادی ملیشیا حزب اللہ کے محاصرے کا شکار قصبے مضایا میں خوراک اور طبی امداد کے انتظار میں مزید پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ خوراک اور امدادی سامان سے لدے ٹرک دارالحکومت دمشق سے مضایا کی جانب رواں دواں ہیں۔
خبررساں اداروں کی رپورٹس کےمطابق دمشق کے شمال میں واقع چالیس ہزار آبادی والے اس قصبے میں بھوک اور قحط کے ڈیرے ہیں۔مضایا میں موجود ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ بھوک کی وجہ سے اتوار کو پانچ افراد کی موت ہوئی ہے۔ان میں ایک نو سال کا لڑکا بھی شامل ہے۔
ریڈکراس نے بتایا ہے کہ لبنان کی سرحد کے نزدیک واقع مضایا کے علاوہ شمال مغرب میں واقع دو دیہات کی جانب بھی امدادی سامان سے لدے ٹرک بھیجے جارہے ہیں۔شامی فوج اور متحارب جنگجو گروپوں کے درمیان سمجھوتے کے تحت ان تینوں مقامات پر بیک وقت ٹرک داخل ہوں گے۔
شامی صدر بشارالاسد کی وفادار فورسز نے گذشتہ کئی ماہ سے مضایا کا محاصرہ کررکھا ہے جس کی وجہ سے اس قصبے میں خوراک اور اشیائے ضروریہ کی قلت ہوچکی ہے۔امدادی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مضایا اور شمالی مغربی صوبے ادلب میں واقع دو دیہات الفوعا اور کفرایا میں فوری طور پر امدادی سامان نہیں پہنچایاجاتا ہے تو قحط پھیل جائے گا۔
فرانس میں قائم ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم طبیبان ماورائے سرحد کا کہنا ہے کہ مضایا میں دس افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور انھیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت ہے۔اس نے مزید کہا ہے کہ اگر فوری طور پر امداد نہ پہنچائی گئی تو مزید دو سو افراد کی حالت بگڑ سکتی ہے۔گذشتہ ماہ مضایا میں تیئیس افراد بھوک کا شکار ہو کر انتقال کرگئے تھے اور عالمی ایجنسیوں کی اپیل کے باوجود قصبے میں شامی فورسز نے امدادی سامان پہنچانے کی اجازت نہیں دی تھی۔
عالمی خوراک پروگرام اور بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی نے سوموار کے روز خوراک اور امدادی سامان سے لدے ٹرکوں کو دمشق سے مضایا کے لیے روانہ کردیا ہے۔اس سے قبل مضایا میں اکتوبر میں امدادی سامان پہنچایا گیا تھا۔اسی طرح شیعہ آبادی والے دو دیہات الفوعا اور کفرایا میں بھی تب خوراک اور ضروری سامان پہنچایا گیا تھا۔
لیکن اس کے بعد سے شامی فوج کے محاصرے کا شکار مضایا کے مکین نان جویں کو ترس رہے ہیں۔اسد حکومت مضایا کے محاصرے کو باغیوں کے زیر قبضہ الفوعا اور کفرایا میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے سودے بازی کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ستمبر میں ان تینوں مقامات پر جنگ بندی کے لیے باغیوں اور صدر بشارالاسد کی حکومت کے درمیان اقوام متحدہ کی ثالثی میں ایک سمجھوتا طے پایا تھا لیکن اس پر ابھی تک عمل درآمد کی نوبت نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ صدر بشارالاسد کی حکومت گذشتہ پانچ سال سے اپنے خلاف مسلح عوامی تحریک کے دوران باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر دباؤ بڑھانے کے لیے بھوک مسلط کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وہ اپنی شرائط پران علاقوں تک خوراک مہیا کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
ماضی میں باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں سے بھوک کا شکار ہونے والے شامی بڑی تعداد میں حکومت کے کنٹرول والے علاقوں کی جانب نقل مکانی کرتے رہے ہیں۔اس لیے ان علاقوں میں خوراک کی تقسیم میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
شامی حزب اختلاف نے اسد حکومت پر باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں خوراک اور اشیائے ضروریہ کو پہنچنے سے روکنے کا الزام عاید کیا ہے لیکن اقوام متحدہ کی دستاویزات کے مطابق اسد رجیم تنہا وہاں خوراک کی عدم تقسیم کی ذمے دار نہیں ہے بلکہ باغیوں کے درمیان باہمی لڑائیوں کے نتیجے میں بھی ان کے زیر قبضہ علاقوں میں عالمی اداروں کی جانب سے خوراک کی تقسیم کا عمل متاثر ہوا تھا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

baloch

Recent Posts

اسلامی ممالک کا ایک دوسرے کے سامنے صف آرا ہونے میں کوئی خیر یا فائدہ نہیں

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے 31 جولائی 2026ء کے خطبہ جمعہ میں مشرقِ وسطیٰ میں…

4 hours ago

“عدل و انصاف کی ترویج”، “متحرک معیشت”، اور “عوام کی رضامندی” حکومتوں کی بقا کا راستہ ہیں

"عدل و انصاف کی ترویج"، "متحرک معیشت"، اور "عوام کی رضامندی" حکومتوں کی بقا کا…

1 week ago

حقوق اللہ اور حقوق الناس کی پامالی تقویٰ اور اعتدال کے راستے سے نکلنے کے مترادف ہے

زاہدان میں 17 جولائی 2026 کو نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران شیخ الاسلام مولانا…

2 weeks ago

“مذاکرات اور بات چیت” ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

"مذاکرات اور بات چیت" ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

3 weeks ago

غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 9 سالہ بچی سمیت کم از کم 6 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

3 weeks ago

اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت سب سے بڑا جہاد ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے زاہدان میں نماز جمعہ تین جولائی 2026ء کے خطبے کے…

4 weeks ago