Categories: عالم اسلام

شام: روس کے لڑاکا طیاروں کی ادلب پر بمباری، دسیوں ہلاک

شام کے شمال مغربی شہر ادلب میں مبینہ طور پر روس کے لڑاکا طیاروں کی بمباری سے ستر سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے شامی فوج اور روسی فضائیہ پر باغی گروپوں کے خلاف کلسٹر بم استعمال کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔
شامی کارکنان کے مطابق روس کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کو باغیوں کے زیر قبضہ شہر کے وسط میں واقع ایک مصروف بازار ،متعدد سرکاری عمارتوں اور رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔امدادی کارکنان نے تینتالیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبوں سے تیس مزید لاشیں نکالی گئی ہیں لیکن فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

کلسٹر بموں کا استعمال
درایں اثناء ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے شامی صدر بشارالاسد کی وفادار فوج اور اس کی اتحادی روسی فضائیہ پر شام میں ستمبر سے باغی گروپوں کے خلاف کلسٹر بم استعمال کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔
نیویارک میں قائم انسانی حقوق کے اس گروپ نے آج جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس نے 30 ستمبر کو روس کے شام میں فضائی حملوں کے آغاز کے بعد بیس مقامات پر کلسٹرہتھیار استعمال کرنے کے دستاویزی شواہد اکٹھے کیے ہیں۔
ایچ آر ڈبلیو نے کہا ہے کہ اس کے پاس نو مقامات پر کلسٹر بموں کے حملوں کی تفصیل موجود ہے جس کے مطابق ان میں پینتیس شہری ہلاک ہوئے تھے۔ان میں پانچ خواتین اور سترہ بچے شامل ہیں اور دسیوں افراد زخمی ہوگئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شامی شہریوں پر چلائے جانے والے یہ تمام کلسٹر بم روسی ساختہ تھے یا سابق سوویت یونین میں بنے تھے۔تنظیم نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شامی شہریوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔اس نے تمام فریقوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ کلسٹر ہتھیار استعمال کرنے کا سلسلہ بند کردیں۔
واضح رہے کہ کلسٹر ہتھیاروں میں سیکڑوں چھوٹے چھوٹے بم ہوتے ہیں۔انھیں راکٹوں کے ساتھ برسایا جاسکتا ہے یا لڑاکا طیاروں سے اہداف پر گرایا جاسکتا ہے۔ان کے نتیجے میں بلاامتیاز وسیع علاقے پر تباہی اور ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ بعض اوقات یہ بم پہلے حملے کے بعد نہیں پھٹتے ہیں اور بعد میں ایک طویل وقفے کے بعد یہ پھٹ سکتے ہیں جس سے ہلاکتیں ہوتی ہیں۔کلسٹر بموں کی ان تباہ کاریوں کے پیش نظر اقوام متحدہ نے ان کے استعمال پر پابندی عاید کررکھی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

baloch

Recent Posts

اسلامی ممالک کا ایک دوسرے کے سامنے صف آرا ہونے میں کوئی خیر یا فائدہ نہیں

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے 31 جولائی 2026ء کے خطبہ جمعہ میں مشرقِ وسطیٰ میں…

3 hours ago

“عدل و انصاف کی ترویج”، “متحرک معیشت”، اور “عوام کی رضامندی” حکومتوں کی بقا کا راستہ ہیں

"عدل و انصاف کی ترویج"، "متحرک معیشت"، اور "عوام کی رضامندی" حکومتوں کی بقا کا…

1 week ago

حقوق اللہ اور حقوق الناس کی پامالی تقویٰ اور اعتدال کے راستے سے نکلنے کے مترادف ہے

زاہدان میں 17 جولائی 2026 کو نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران شیخ الاسلام مولانا…

2 weeks ago

“مذاکرات اور بات چیت” ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

"مذاکرات اور بات چیت" ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

3 weeks ago

غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 9 سالہ بچی سمیت کم از کم 6 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

3 weeks ago

اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت سب سے بڑا جہاد ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے زاہدان میں نماز جمعہ تین جولائی 2026ء کے خطبے کے…

4 weeks ago