عالم اسلام کے مسائل سیمینارز اور فتووں سے حل نہیں ہوسکتے

ایران کے ممتازسنی عالم دین مولانا عبدالحمید نے ’اسلامی اتحادکی ستائیسویں کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم امہ کے مسائل کے حل کے لیے ’ہمہ جہت عملی اقدامات‘ اٹھانے کی ضرورت پر زوردیاہے۔

انیس جنوری کو تہران میں منعقد بین الاقوامی کانفرنس برائے اتحاد کی اختتامی میٹنگ میں بات کرتے ہوئے مولانا عبدالحمید نے کہا: اتحاد کے لیے کانفرنسزاور فتووں کے کردار کا انکار نہیں کیاجاسکتا لیکن ساتھ ساتھ عملی اقدامات ہی سے کوئی پیشرفت حاصل ہوسکتی ہے۔ اس کانفرنس میں اٹھاون ملکوں سے تعلق رکھنے والے تین سو کے قریب سکالرز اور علمائے کرام نے شرکت کی تھی۔

خطیب اہل سنت زاہدان نے مزیدکہا: اسلام دشمن عناصر ہمیں اکٹھے نہیں دیکھنا چاہتے، ان کی خواہش اور کوشش یہی ہے کہ ہم مسلمان ایک دوسرے سے لڑتے جھگڑتے رہیں۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ایام ولادت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا: آپﷺ کی بعثت انسانیت کے لیے بہت بڑی سعادت بن چکی ہے؛ یہ اللہ تعالی کا ہم انسانوں پر سب سے بڑا احسان ہے۔ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں انسانیت کا سبق سکھایا اور مادی وروحانی ترقی کی راہ دکھائی۔ اسلام آپﷺ ہی کی بدولت ہمیں تحفہ میں ملا اور اسی سے ہمیں جنت نصیب ہوگی۔

اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ممتازعالم دین نے کہا: اتحاد اور یکجہتی اللہ کا حکم ہے؛ ہمیں قرآن پاک کے حکم کی روشنی میں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا چاہیے۔ ’واعتصموا بحبل اللہ جمیعا ولاتفرقوا‘ کی رو سے فرقہ واریت پھیلانا حرام اور منع ہے۔ جو مسلمانوں کے درمیان فرقہ واریت کو ہوا دیتاہے، اللہ تعالی اسی دنیا میں اسے سزا دے گا۔

انہوں نے مزیدکہا: مسلمانوں کے درمیان بہت سارے امور میں اشتراک پایاجاتاہے۔ مختلف مسلم مسالک میں اتحاد کے لیے مشترکہ عقائد اور مقدسات موجود ہیں۔ اہل سنت والجماعت کو اہل بیت نبوی سے محبت ہے اور یہ ان کے عقائد کا حصہ ہے؛ جو اہل بیت سے محبت نہیں کرتا وہ ’بدعتی‘ ہی ہے۔

ایرانی اہل سنت کے نقطہ نظر اور خیالات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنی رہ نما نے کہا: ایران کی سنی برادری کی راہ تقریب و اتحاد ہے۔ میں جرات کے ساتھ کہہ سکتاہوں انتخابات میں اہل سنت کی شرح مشارکت ہمیشہ اہل تشیع سے زیادہ رہی ہے۔ ایران کی سنی برادری انتہاپسندی اور فرقہ واریت سے بری اور دور ہے۔ ہمارے لوگ بھائی چارہ اور وحدت پر یقین رکھتے ہیں۔

منعقدہ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حضرت شیخ الاسلام نے کہا: مختلف مسلم ممالک کے شیعہ وسنی مسلمانوں اور اقلیتوں کے مسائل اور مطالبات ’احترام وعزت‘، ’مذہبی آزادی‘ اور ’انصاف کی فراہمی‘ ہیں۔ مذہبی ومسلکی اقلیتوں کا سب سے بڑا اندیشہ ان کی مذہبی آزادیوں کے بارے میں ہے۔

اقلیتی برادریوں کے مسائل کی تحقیق پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا: ترقی یافتہ ممالک میں اقلیتوں سے پیار کیاجاتاہے، میں تمام مسلم حکمرانوں سے درخواست کرتاہوں اپنی اقلیتوں کے حقوق کاخیال رکھیں۔ مسلم ممالک میں شیعہ وسنی فسادات نہیں ہونے چاہییں۔ عدالت سے بھائی چارہ کو تقویت ملے گی ۔اتحاد کا مطلب ہرگز یہ نہیں اہل سنت اور اہل تشیع کی مساجد ومدارس ایک ہوجائیں؛ ہرمسلک کے پیروکار اپنے علماء کے فتووں پر عمل کریں لیکن اتحاد کاخیال رکھیں اور دوسروں پر وار نہ کریں۔

مشرق وسطی میں جاری بدامنی کی لہر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا: مشرق وسطی خاص شام وعراق میں جاری لڑائیوں کے خاتمے کے لیے اقوام کے حقوق کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ ان ملکوں میں لڑائیوں اور فسادات کا خاتمہ مذاکرات ومکالمے سے ممکن ہے۔ حکام کو چاہیے فراخدلی کا مظاہرہ کریں اور اپنے مخالفین کی باتیں سنیں، ان کی کابینہ اور اعلی ادارے کسی مخصوص فرقے یا گروہ کے قبضے میں نہیں ہونے چاہییں۔

’مجمع التقریب‘ کے ذمہ داروں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا: شیعہ وسنی کے سرکردہ اور بااثر علماء کا ایک وفد تشکیل دی جائے جو مذاکرات اور افہام وتفہیم پیدا کرنے کے لیے شام اور عراق جیسے ملکوں کا دورہ کرے جہاں مسلم مسالک میں چپقلش پائی جاتی ہے۔ عالم اسلام کے مسائل صرف فتووں اور موقف اختیار کرنے سے حل نہیں ہوسکتے۔ مثبت نتائج کے لیے ہمہ جہت عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

 

 

 

modiryat urdu

Recent Posts

کوئی بھی «جنگ» کی تمنا نہ کرے / جنگ کی روک تھام حکام کے ہاتھ میں ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے جمعہ بیس فروری کو زاہدان کی نماز جمعہ کے اجتماع…

3 months ago

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے معافی مانگیں اور ان کے مطالبات تسلیم کریں

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے…

4 months ago

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب کیا

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب…

4 months ago

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

4 months ago

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا کو ’’حیرت زدہ اور مبہوت‘‘ کر دیا

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا…

4 months ago

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی…

5 months ago