Categories: مشرق وسطی

منظم تشدد اور 11 ہزار پھانسیاں، شام سے متعلق رپورٹ خوفناک ہے

امریکہ اور اقوامِ متحدہ نے شام میں بغاوت کے آغاز سے جنگی قیدیوں پر منظم طریقے سے تشدد اور ان میں سے 11 ہزار افراد کو پھانسی دیے جانے سے متعلق سامنے آنے والی ایک رپورٹ پر خوفزدگی کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ جنگی جرائم کے تین سابق ججوں کی حالیہ رپورٹ میں کہا گيا تھا کہ اس بات کے واضح شواہد ہیں کہ شام میں بغاوت کے آغاز سے جنگی قیدیوں پر منظم طریقے سے تشدد کیا گیا اور ان میں سے 11 ہزار افراد کو پھانسیاں دی گئیں تھیں۔
امریکہ نے کہا ہے کہ یہ رپورٹ اس بات کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت کو برطرف کر دیا جائے۔
دوسری جانب شامی حکومت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اس رپورٹ پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ رپورٹ قطر کی ایما پر تیار کی گئی ہے جو شام کے باغیوں کی حمایت کرتا ہے۔
یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب ایک دن بعد سوئٹزرلینڈ میں شام کے متعلق امن مذاکرت ہو رہے ہیں۔
ان مذاکرات کو تین سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے اب تک کی سب سے بڑی سفارتی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اس جنگ میں اب تک ایک لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک اور دس لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو گئے ہیں۔
یہ رپورٹ اس باغی فوجی کے شواہد پر منبی ہے جس نے مبینہ طور پر 11 ہزار قیدیوں کی 55 ہزار تصویریں افشا کی تھیں۔
ان میں سنہ 2011 میں بغاوت کے آغاز سے لے کر گذشتہ سال سنہ 2013 جولائی تک کی تصویریں شامل ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے کہا ہے کہ یہ بہت اہم رپورٹ ہے اور ہم جنیوا میں ہونے والے مذاکرات میں پیش رفت کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا ’شام کی صورتِ حال بہت خوفناک ہے، وہاں عبوری حکومت کی ضرورت ہو گی اور ہمیں بشار الاسد کو اقتدار سے الگ کرنا ہو گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کی ہر رپورٹ کی شدید ترین الفاظ میں مزمت کرتے ہیں۔
اس سے پہلے برطانوی وزیرِ خارجہ ویلیم ہیگ نے بھی اس رپورٹ کی مزمت کرتے ہوئے ہاؤس آف کامنز کو بتایا تھا کہ انھوں نے اس رپورٹ کے حوالے سے ثبوت دیکھے ہیں جو بہت ہی خوفناک ہیں۔
اس رپورٹ کے ایک مصنف پروفیسر سر جیفری نائس نے بی بی سی کو بتایا ’جس سطح پر مسلسل ہلاکتیں ہوئی ہیں اس سے شواہد ملتے ہیں کہ ان میں حکومت شامل ہے اور اس کے خلاف مجرمانہ مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔‘
فورنسک تفتیش کار سٹوارٹ ہیملٹن نے بھی ان شواہد کی جانچ کی اور بی بی سی کو بتایا کہ جن تصاویر کو انھوں نے دیکھا ہے ’ان میں سے زیادہ تر کی موت واضح طور پر فاقہ کشی کی وجہ سے ہوئي ہے۔‘
ان کے مطابق ’ بہت سے افراد کے جسموں کو باندھ کر ان پر پر تشدد کیا گیا اور ان کا گلا گھونٹ دیا گیا تھا۔‘
دوسری جانب شام کی وزارتِ اطلاعات کے ترجمان بسام ابو عبداللہ نے رپورٹ کی افادیت کے بارے میں سوالات اٹھاتے ہوئے بی بی سی کو بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ رپورٹ شام سے حاصل سے کی گئی ہے یا نہیں۔

بی بی سی اردو

 

 

 

modiryat urdu

Recent Posts

مکہ مکرمہ: حرمین میں لگی سنگ مرمر کی ٹائلوں کی نمائش کا اہتمام

مکہ مکرمہ: حرمین میں لگی سنگ مرمر کی ٹائلوں کی نمائش کا اہتمام

2 days ago

ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا

ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا

2 days ago

کوئی بھی کتاب قرآن جتنی اثرانگیز نہیں ہے / قرآن حق اور سعادت کے چاہنے والوں کے لیے نجات کا آخری راستہ ہے

کوئی بھی کتاب قرآن جتنی اثرانگیز نہیں ہے / قرآن حق اور سعادت کے چاہنے…

4 days ago

زاہدان کے علما و قرآنی کارکنان کا مشاورتی اجلاس منعقد

زاہدان اور نواحی علاقوں کے علما، ائمہ مساجد اور قرآنی کارکنان کا ایک مشاورتی اجلاس…

4 days ago

مولانا مفتی محمدقاسم بنی‌کمال (قاسمی) کا نئے ہجری سال 1448 کے آغاز پر پیغام

مولانا مفتی محمدقاسم بنی‌کمال (قاسمی) کا نئے ہجری سال 1448 کے آغاز پر پیغام

1 week ago