- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

بھارت: ٹرین میں آتشزدگی، 23 ہلاک، متعدد زخمی

بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلح اننت پور میں سنیچر کی صبح ناندیڑ جانے والی ٹرین کی بوگی میں آتشزدگی کے سبب 23 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

جنوب مغربی ریلوے کے ترجمان سي ایس گپتا نے بی بی سی کو بتایا کہ اس حادثے میں 23 افراد ہلاک ہوئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والے لوگوں کو قریبی پٹّاپرتھي ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ریلوے ترجمان سي ایس گپتا نے بی بی سی کے دلنواز پاشا کو بتایا کہ حادثہ سنیچر کی صبح ساڑھے تین بجے ہوا۔
ریلوے ترجمان کے مطابق حکام کو آگ کے متعلق پہلی اطلاع صبح تین بج کر 45 منٹ پر ملی۔
حکام کے مطابق آگ انجن سے چار بوگی پیچھے موجود ایئركنڈيشڈ بی -1 کوچ میں لگی اور بہت تیزی سے پھیل گئي۔ اس ڈبے کے کوچ اٹنڈينٹ نے آگ بجھانے والے آلے سے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔
جغرافیائی اعتبار سے یہ حادثہ ریاست آندھرا پردیش میں ہوا لیکن ریلوے ڈویژن کے مطابق یہ علاقہ ریاست کرناٹک کے بنگلور ڈویژن میں آتا ہے۔
آتشزدگی کی معلومات ملتے ہی ٹرین کو فوری طور پر روک دیا گيا۔
ریلوے ترجمان نے بتایا کہ لاشوں کو بری طرح جلی ہوئی حالت میں نکالا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چلا تاہم حکام کے مطابق حادثے کی وجہ سے ریلوے ٹریفک پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔

بی بی سی اردو