ممتاز سنی عالم دین شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے تازہ ترین خطبہ جمعے کے ایک حصے میں ایران کے صدارتی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ’شورائے نگہبان‘ کی جانب سے بڑے پیمانے پر امیدواروں کو نااہل قرار دینے پر تنقید کی۔
چوبیس مئی دوہزار تیرہ کو زاہدان میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا: آج کل ملک میں صدارتی انتخابات میں شریک امیدواروں کی اہلیت اور عدم اہلیت کا بخار سر چڑھ کربول رہاہے؛ ایک ایرانی شہری ہونے کے ناطے میں اپنی ذمہ داری سمجھتاہوں کہ جو کچھ ملکی مفاد میں ہے وہ آپ کے سامنے عرض کردوں۔
بات آگے بڑھاتے ہوئے خطیب اہل سنت زاہدان نے کہا: موجودہ حالات میں جب ملک سخت ترین مسائل اور بحرانوں کا شکار ہے، یہ امید کی جارہی تھی کہ امیدواروں کی اہلیت کی جانچ پڑتال میں مزید فراخدلی اور وسعت ظرفی کا مظاہرہ کیا جاتا۔ لیکن جب ’شورائے نگہبان‘ نے صدارتی الیکشن لڑنے کیلیے منظور کیے گئے ناموں کا اعلان کیا تو واضح ہوا کہ اب بھی اس سلسلے میں خدشات پائے جاتے ہیں۔
ایران کے اعلی ترین ادارہ ’شورائے نگہبان‘ کی جانب سے سابق صدر ’’ہاشمی رفسنجانی‘‘ کو صدارت کیلیے نااہل قرار دیے جانے پر اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے مولانا عبدالحمید نے کہا: آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی ایک قومی اور انقلابی شخصیت شمار ہوتے ہیں جو ملک کے اندر اور باہر معروف سیاستدان کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ ’مجمع تشخیص مصلحت نظام‘ نامی ادارے کے سربراہ کو شورائے نگہبان نے تخت صدارت کیلیے نااہل قرار دے دیاہے۔
انہوں نے مزیدکہا: لوگوں کو امید تھی کہ ان حالات میں جب ملک کو بحرانوں کا سامنا ہے کوئی مسیحا ان کے مسائل حل کرنے اور مشکلات کم کرنے کیلیے میدان میں اترتھا۔ اس سے قبل بھی بندہ تاکید کرچکاہے کہ سیاست و معیشت کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا؛ معاشی مسائل کا حل سیاسی اصلاحات ہی سے ممکن ہے۔
حضرت شیخ الاسلام نے مزید کہا: مسٹر ہاشمی کی اہلیت رد کرنے سے قوم کا ایک بڑا حصہ پریشان ہوچکاہے۔ اگرچہ سابق صدر ہاشمی کی بعض کارکردگیوں پر تنقید کی جاسکتی ہے اور ان سے غلطیاں بھی سرزد ہوئیں لیکن یوں معلوم ہوتاہے کہ سمجھدار سابق صدر کے حالات میں تبدیلی آچکی ہے۔ اسی لیے امید تھی کہ وہ ملک کو مسائل سے نجات دلائیں گے۔
اپنے خطاب کے آخر میں نامور عالم دین مولانا عبدالحمید نے امید ظاہر کی متعلقہ حکام اور خاص کر شورائے نگہبان (گارڈین کونسل) کے ارکان اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔
Abdolhamid.net