- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

پاکستانی طالبان کی پولیو مہم کیلئے مشروط حمایت

پاکستانی طالبان نے پولیو قطرے پلانے کی مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ٹیموں پر ہونے والے قاتلانہ حملوں میں تحریک طالبان ملوث نہیں ۔
ُکالعدم پاکستان تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ڈان کو بتایا کہ پولیو قطروں کے حوالے سے طالبان کے خدشات دور کردیئے جائیں تو پولیو قطرے پلانے کی حمایت کےلئے تیار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پولیو قطروں کے خلاف طالبان کے تحفظات ضرور ہیں لیکن اب تک طالبان نے کسی پولیو ٹیم پر حملہ نہیں کیا اورپولیو ٹیموں پر حملے میں تحریک طالبان کا ہاتھ نہیں ۔
اگر پولیو قطروں کو علماءکی حمایت حاصل ہو تو طالبان بھی تعاون کے لیے تیار ہیں۔ احسان اللہ احسان نے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمہ اور ہیپی ٹائٹس مہم کو مغرب اور امریکی سی آئی اے جاسوسی کے لئے استعمال کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلیوں کو ڈرون حملوں میں مارنے والے پولیو سے کیوں بچا رہے ہیں ۔
احسان نے ایبٹ آباد واقعے میں القاعدہ کے سربراہ کی موت  کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ویکسین مہم کے زریعے سی آئی اے نے مجاہدین کا شکار کیا ہے۔
‘ ہماری مخالفت اور شک کی وجہ یہ ہے کہ ایبٹ آباد سانحے کے بعد ویکسینیشن مہم میں کئ گنا اضافہ ہوا،’ انہوں نے کہا۔
طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر پولیو قطروں کو اسلام کے مطابق قراردیا جائے اور انکے خدشات دور کر دیئے جائیں تو وہ مہم کی حمایت کے لئے تیار ہیں۔

ڈان نیوز