- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

بجٹ کے باعث ابو غیث کے مقدمے میں ’تاخیر‘

امریکہ کی ریاست نیو یارک میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ بجٹ میں کٹوتیوں کے باعث القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے داماد سلیمان ابو غیث کے مقدمے میں تاخیر کا خدشہ ہے۔

نیو یارک کی عدالت کے جج نے کہا کہ یہ بہت حیرانگی کی بات ہے کہ وکلاء اس مقدمے کے لیے تیار اس لیے نہیں ہوں گے کہ ان کو بغیر تنخواہ کے چھٹیوں پر بھیجا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسامہ بن لادن کے داماد ابو غیث نے پچھلے ماہ ستمبر گیارہ کے حملوں میں مدد فراہم کرنے کے الزامات کی تردید کی تھی۔
ابو غیث کا مقدمہ اب اگلے سال تک ملتوی ہونے کا خدشہ ہے۔
پیر کو ہوئی عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ بجٹ میں کٹوتیوں کے باعث یہ مقدمہ التوا کا شکار ہو سکتا ہے۔
ابو غیث کے وکیل مارٹن کوہین نے جج کو بتایا کہ یہ نہایت مشکل ہو گا کہ وکلاء ستمبر تک اس مقدمے کے لیے تیار ہوں گے۔ انہوں نے جنوری تک کی تاریخ تجویز کی۔
مارٹن کوہین نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کی طرف سے نامزد کیے گئے وکیل صفائی کے لیے ضروری ہے کہ چھ ہفتوں کی چھٹیاں لے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چھٹیاں بجٹ میں کٹوتی کے باعث لینا ضروری ہیں۔
جج لیوئس کیپلن نے کہا کہ یہ یہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ اس قدر اہم مقدمہ بجٹ میں کٹوتیوں کے باعث تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔

بی بی سی اردو