- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

غزہ پر اسرائیل بمباری،3دنوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 30 ہوگئی

اسرائیل نے غزہ پر حملے کی تیاریاں تیز کردیں۔فضائی حملوں میں 30 فلسطینی جانوں کے ضیاع کے بعد زمینی حملوں کے لیے بڑی فوج تیار کی جارہی ہے۔
ادھر امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیل کو امریکی حمایت کی ایک بارپھر یقین دہانی کرائی ہے۔
اسرائیل نے دعویٰ کیاہے کہ اس نے غزہ میں ڈرون بنانے والی فیکٹری پرحملہ کرکے اسے تباہ کردیاہے جبکہ اسرائیلی کابینہ نے فوج میں 75000 ریزرو فوجیوں کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔
اسرائیل ان فوجیوں کو غزہ میں کسی بھی ممکنہ زمینی کارروائی میں استعمال کرسکتا ہے،جو پہلے ہی غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیل نے غزہ کے اطراف کی تمام مرکزی شاہراہیں بند کردی ہیں۔
فوجی آپریشن تیز کرنے کے لیے زمینی فوجی دستے ، ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو الرٹ کردیا ہے۔
امریکی صدرباراک اوبامانے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے بجائے اسے ہوادینے کابیان جاری کیاہے۔
کہتے ہیں کہ اسرائیل کواپنے دفاع کاحق حاصل ہے۔
ادھر عرب رہنما اور اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔
سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ایک بیان میں حماس اور اسرائیل سے خطے امن قائم رکھنے کی اپیل کی اور جلد ہی غزہ کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مصری وزیر اعظم حشام قندیل نے جمعے کو غزہ کا ہنگامی دورہ کیااورخطے میں ممکنہ جنگ کوروکنے کیلیے حماس کے رہنماوٴں سے بات چیت کی۔
قاہرہ میں موجود مصری صدر محمد مرسی نے فلسطینیوں کو مکمل حمایت کا یقین بھی دلایا ہے۔
ادھر ترکی میں سیکڑوں افراد نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے اور انقرہ کے سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے۔

جنگ نیوز