- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

کوئٹہ : سریاب روڈ دھماکے میں تین سیکیورٹی اہلکار ہلاک

کوئٹہ: شہر کے مصروف علاقے  سریاب روڈ پر  سڑک کنارے ہونے والے بم دھماکے میں  تین سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔
دھماکے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں دس سے زائد اہلکار بھی زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا جس کے پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا اور اس کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والی ایف سی کی گاڑی کی نقصان پہنچا۔
ایک ایف سی افسرکرنل مقبول احمد نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ بم  دھماکے میں کم از کم تین اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
ایک سینیئر پولیس اہلکار حامد شکیل نے حملے میں کم از کم سات سویلینز کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
بم دھماکے میں  دکانوں اور گھروں کےشیشے ٹوٹ گئے۔
واقعے کے بعد ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
ڈی آئی جی پولیس حامد شکیل  کا کہنا ہے کہ ایف سی کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔

کراچی میں فائرنگ سے گیارہ افراد ہلاک، ایم پی اے زخمی

کراچی: شہر قائد میں پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور جمعہ کو ٹارگٹ کلرز نے مزید گیارہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ فائرنگ سے پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی کلثوم چانڈیو بھی فائرنگ سے زخمی ہوگئیں۔
کراچی کے علاقے  کورنگی نمبر چھ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو ہلاک کردیا جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد کو موت کی نیند سلادیا۔
ڈیفنس میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پیپلز پارٹی کی ایم پی اے کلثوم چانڈیو کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ سندھ کے سینئیر وزیر پیر مظہر الحق نے پارٹی کے رہنماؤں کو دھمکیاں دینے والوں کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
واقعے کے خلاف کلثوم چانڈیو کے آبائی علاقے دادو میں مشتعل افرادنے ٹائر جلا کراحتجاج کیا۔
کورنگی بلال کالونی، منگھوپیر اور ناصر کالونی میں بھی فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کردیا گیا۔
ابوالحسن اصفہانی روڈ پر فائرنگ سے عبدالعزیز اور محمد شہزاد سمیت تین افراد لقمہ اجل بن گئے، واقعے کے بعد علاقے کے حالات کشیدہ ہوگئے اور معمول کا کاروبار بند ہو گیا۔
بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آباد میں  گاڑی پر فائرنگ سے باپ بیٹا سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ دوران علاج زخمی سعد نے دم توڑ دیا۔ سعد ایک ہفتہ قبل ہی امریکہ سے پاکستان آیا تھا، پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ڈان نیوز