- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

افغانستان:طالبان کے حملے،نیٹوفوجی ہلاک، متعددآئل ٹینکرزجلادیئے گئے

کابل ( جنگ نیوز) مشرقی افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کے حملوں میں نیٹو کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔
صوبہ فراہ میں قندھارہرات شاہراہ پر نیٹو کے رسدلے جانے والے قافلے میں شامل کئی ٹینکروں کو آگ لگاکر جلادیا گیا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی سلامتی معاون فورس ایساف کی طرف سے کابل میں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں نیٹو فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔
بیان میں مرنے والے فوجی کی قومیت اوردیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
مغربی افغانستان میں عسکریت پسندوں نے نیٹو کیلئے سامان لے جانے والے قافلے پر حملہ کرکے متعدد ٹینکروں کو نذر آتش کردیا۔
افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز صوبہ فراہ میں قندھار ہرات شاہراہ پر عسکریت پسندوں نے نیٹو کیلئے رسد لے جانے والے آئل ٹینکروں کے قافلے کو نشانہ بنایا، حملہ آوروں نے متعدد ٹینکروں کو نذر آتش کردیا تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس سے قبل جنوبی افغانستان میں بھی نیٹو کے ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔