- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین سڑکوں پر امداد کے منتظر

جیکب آباد(جیونیوز) جیکب آباد ،شکارپور ،کندھ کوٹ ،کشمور میں حالیہ بارشوں کے بعد صورتحال انتہائی خراب ہے اور بارش متاثرین کئی روز گزرنے کے باوجود سڑکوں پر امداد کے منتظر ہیں۔
حالیہ بارشوں کے بعد جیکب آباد ،شکارپور،کندھ کوٹ ،تنگوانی ،کشمور کے پندرہ اضلاع سے زائد آبادی متاثر ہوئی ہے اورکئی روز گزرنے کے باوجود شہروں سمیت دیہات میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے ، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں کے کنارے پہنچ کر امدادکے منتظر ہیں ۔
ہزاروں افراد بارش کے پانی میں پھنسے ہو ئے ہیں جنہیں نکالنے کے لئے کوئی بھی اقدامات نہیں کیے گئے اور حکومتی اعلانات اور دعووں کے باوجودمتاثرین کھلے آسمان تلے کھانے پینے اور دواوٴں کے لئے پریشان ہیں ۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کو ئی امداد فراہم نہیں کی جا رہی ، جبکہ ڈپٹی کمشنر کشمور منور مٹھیانی کا کہنا ہے کہ بارش متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔
وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بارش متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور بارش متاثرین کے خوراک اور پینے کے پانی اور ٹینٹ فراہم کرنے کے لئے اضلاع کو پچاس کروڑ روپے دیے۔
بارش متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت گذر بسر کررہے ہیں۔ بارش متاثرین نے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے اپیل کہ ہے کہ ان کو امداد فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ اپنی جانہیں بچا سکیں۔