- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

یمن: خودکش دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد نوے

صنعا(خبررساں ادارے) یمن کےدارالحکومت صنعا میں صدراتی محل کے قریب فوجی پریڈ کی ریہرسل کےدوران ہونے والے ایک خود کش حملے میں کم از کم نوے افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
العربیہ کے مطابق یہ حملہ دار الحکومت صنعاء کے وسط میں “سبعین” گراؤنڈ میں ایک فوجی اہلکار نے کیا ہے، جس کے بعد دارالحکومت کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
اطلاعات کے مطابق “سبعین” گراؤنڈ میں پیر کو علی الصباح ایک خود کش فوجی اہلکار نے فوجیوں کے ایک ھجوم میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ یہاں مختلف بریگیڈز سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں اہلکار کل منگل کے روز یمن کی وحدت کے حوالے سے منعقدہ ایک فوجی پریڈ کی تیاریوں کے لیے جمع تھے۔
القاعدہ کے ذرائع نے بتایا کہ ان کی تنظیم کے ایک رکن نے یہ خودکش حملہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آور فوجی وردی میں ملبوس تھا اور اس نے فوجیوں کے ایک گروپ میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
یمن کی وزارت دفاع کے مطابق اس واقعے میں دو سو بائیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یمن کی وزارت دفاع کے اہلکار کرنل امین نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ’حملہ آور فوجی وردی میں ملبوس تھا اور اس کے پاس دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک بیلٹ تھی۔‘
یمن میں فرروی میں نئے صدر عبد الرب منصور حادی کے اقتدار پر فائز ہونے کے بعد دارالحکومت صنعا میں یہ سب سے بڑا حملہ ہے۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور فوجی اہلکار تھا اور پریڈ کی ریہرسل میں حصہ لے رہا تھا، اس نے وزیر دفاع اور فوج کے سربراہ کی جانب سے فوجیوں کو سلامی دینے سے کچھ دیر پہلے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
یمن میں قومی اتحاد کا دن انیس سو نوے میں جنوبی یمن کی شمولیت یمن یعنی عرب جمہوریہ یمن میں شمولیت کی سالگرہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
سکیورٹی فورسز پر یہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دس روز قبل ہی یمنی فوج نے جنوبی صوبے ابیان میں القاعدہ سے منسلک ایک شدت پسند گروپ کے خلاف ایک کارروائی کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ ہفتے کے آخر میں ابیان کے قصبے جار میں ہونے والی جھڑپوں میں کم سے کم تینتیس عسکریت پسند اور انیس فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔