کراچی(جنگ نیوز) امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ معافی مانگ بھی لے پھر بھی نیٹو کی ترسیل بند رہنی چاہئے اور شمسی ایئر بیس کے ساتھ ساتھ دوسری ایئر بیسز بھی امریکہ سے خالی کرائی جائیں، یہ بات انہوں نے کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ نیٹو کی سپلائی بند کرنا مثبت ا قدام ہے، حکومت مستقل طور پر اس فیصلہ پر قائم رہے اور اب اس نام نہاد جنگ سے باہر نکل جانا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ بلیک واٹر کے نام پر آنے والے امریکیوں کو واپس بھیج دینا چاہئے اور امریکہ سے تعلقات کے حوالے سے پارلیمنٹ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ خفیہ معاہدوں کو بھی منظر عام پر لایا جائے ، میمو اسکینڈل نے پورے ملک کے سیاسی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
اعظم سواتی کے استعفے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مولانا نے کہا کہ استعفے کا تعلق ان کی اپنی ذات سے ہے، ایک اور سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ حکومت بہترانداز میں چل رہی ہوتی تو ہم الگ نہ ہوتے۔