- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

امریکی فوجی اڈے پر خود کُش حملہ 50 امریکیوں سمیت 90 فوجی زخمی

کابل(العربیہ ڈاٹ نیٹ) افغانستان میں تعینات امریکی فوج نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ ہفتے کی شام ملک کے وسطی صوبہ “وردک” میں ایک فوجی اڈے پرخود کش بمبار کے حملے میں 50 امریکی فوجیوں سمیت 89 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب طالبان نے ایک ویب سائٹ پر جاری خبر میں ہفتے کی شام ہونے والے اس خود کش بم حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ طالبان کا کہنا ہے کہ انہوںنے یہ حملہ نائن الیون کی دسویں برسی کے موقع پر افغانستان پر قابض امریکیوں پر کیا ہے۔
افغانستان میں تعینات “ایساف” فوج نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ہفتے کی شام وردک صوبے میں سید آباد کے مقام پر واقع امریکی فوجی اڈے سے بارود سے بھرے ایک ٹرک کو ٹکرادیا گیا۔ جس سے فوجی اڈے کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے سے فوجی اڈے کی بیرونی دیوار منہدم ہوگئی اور زمین میں چھ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔
ادھر جلال آباد میں امریکی فوج کےترجمان ڈیوڈ ایسٹبرن نے “اے ایف پی” کو بتایا کہ خود کش حملے میں بارود سے بھرے ایک ٹرک کو استعمال کیا گیا۔ حملے میں 50 امریکی فوجی اور 15 افغان فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والے دیگر24 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی کہ آیا وہ بھی فوجی ہیں یا عام افغان شہری ہیں۔