کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں قتل وغارت کا تسلسل جاری، مختلف علاقوں میں پیر کو فائرنگ اور جلاو گھیراو کے واقعات میں اسپیشل برانچ کے اہلکار سمیت مزید30 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ نامعلوم افراد نے متعدد گاڑیاں، پتھارے اورہوٹل نذر آتش کردیے۔
بنارس، صدر، سرجانی، لیاری اور گولیمارسمیت بیشتر علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سرجانی ٹاون کے علاقے تیسر ٹاون میں متحدہ اور اے این پی کے کارکنوں کے مابین فائرنگ سے3 افراد 17 سالہ عمران ‘ 48سالہ حبیب الرحمن ولدکامل اور شاہ کریم ولد نکا خان جاں بحق ہوگئے ۔ واقعہ کے بعد سرجانی ٹاون کے مختلف علاقوں میں 5 ہوٹل،2 منی بسیں، ایک ڈاٹسن اور ایک سوزوکی پک اپ نذر آتش کردی گئی جبکہ علاقہ میدان جنگ بنا رہا۔ امن وامان کو بہتر بنانے کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
پاک کالونی کے علاقے میانوالی کالونی میں تشدد زدہ گولیوں سے 2 لاشیں ملی ہیں جن میں سے ایک کی شناخت اشفاق کے نام سے ہوئی۔ مبینہ ٹاون کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم افراد نے ایک دکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا کارکن منور حسین ہلاک ہوگیا۔ میراں ناکا کے علاقے لیاری ندی سے ہاتھ پاوں بندھی لاش برآمد ہوئی ہے۔ شرافی گوٹھ سے 20 سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ اور پھندا لگی لاش ملی۔ پولیس ذرائع کے مطابق لانڈھی مانسہرہ کالونی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے اسپیشل برانچ کے اہلکار طارق خان کو ہلاک کردیا۔
نیو کراچی اللہ والی چورنگی بس اسٹاپ پر فائرنگ سے 2افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگئے۔ الفلاح کے علاقے کہکشاں سوسائٹی میں شعیب جاں بحق ہوگیا۔ بلدیہ ٹاون نمبر5کے علاقے مدینہ کالونی میں بیٹے نے چچا 50سالہ شمس الرحمن اور والدہ 50سالہ سلطانہ زوجہ دلبر کو گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر دلبر اور 2بیٹوں کوگرفتار کرلیا جبکہ ملزم فرار ہے ۔
ڈیفنس فیز8سے 35سالہ نامعلوم خاتون کی نعش ملی ہے ۔اورنگی ٹاؤن کے علاقہ مومن آباد میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک ہوگئے۔عیدگاہ کے علاقے بھیم پورہ میں فائرنگ سے 30سالہ عبدالقادرہلاک اور 30سالہ شاہد شدیدزخمی ہوگیا۔آرام باغ کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ناظم آباد میں شمیم شہید چوکی کے قریب 2نوجوانوں کی بوری بند نعشیں ملیں جنہیں تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا۔
کورنگی 5میں فائرنگ سے ایک شخص ماراگیا۔سچل تھانے کی حدود میں فائرنگ سے فرحان بلوچ نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔شاہراہ نورجہاں کے علاقے بلاک ایف میں ایک شخص زرگل ہلاک ہوگیا۔عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں 2افراد آصف اور شاہد مارے گئے۔سپر ہائی وے پر اسکیم 33احسن آباد صنعتی زون میں فیکٹری کے باہر کھڑی ملازمین کی درجنوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور آگ لگادی ۔پولیس کے مطابق واقعے کے وقت100سے زائد موٹر سائیکلیں کھڑی ہوئی تھیں تاہم موٹر سائیکلوں میں سے اکثریت کو جلنے سے بچالیا گیا ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق احسن آباد ٹیچر سوسائٹی کے قریب علاقہ مکین احتجاج کررہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا اور اس کے بعد صنعتی زون میں نجی کمپنی کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچایا آخری اطلاعات تک علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا جس کے باعث علاقے میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے ۔
سائٹ کے علاقے میٹروول میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج چل بسا۔اورنگی ٹاون میں نامعلوم نے ایک کوچ اور ایک رکشے کو آگ لگادی جبکہ فقیر کالونی میں بھی کوچ کو جلادیا گیا۔