- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

شامی ٹینکوں کا حماہ شہر پر حملہ، 121 شہری ہلاک و زخمی

دمشق(العربیہ ڈاٹ نیٹ) شامی فوج نے ٹینکوں کے ذریعے اتوار کو علی الصباح حماہ شہر پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 121 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سرکاری فوج کی یہ بڑی کارروائی ملک میں جمہوریت کی بحالی کی خاطر کئے جانے والے مظاہروں کو کچلنے کے لئے کی گئی۔
حماہ شہر کے رہائشی ڈاکٹر نے خبر رساں ادارے “رائیٹرز” کو بتایا کہ بدر اہسپتال میں 51 زخمی لائے گئے ہیں۔ اہسپتال میں خون کی شدت قلت ہے۔ انہوں نے تصدیق کی ٹینکوں پر سوار سرکاری فوج نے الحورانی اہسپتال کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
عینی شاہدوں نے بتایا کہ اتوار کی صبح حماہ شہر پر کئے جانے والے حملے سے پہلے تقریبا ایک ماہ تک شہر میں ہونے والے بشار الاسد مخالف مظاہروں کی وجہ سے شامی فوج کے کڑے محاصرے میں رہا ہے۔
ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے کو حماہ سے ٹیلی فون پر بتایا کہ شہر پر چاروں جانب سے ٹینکوں کے ذریعے حملہ کیا گیا ہے۔ ٹیلی فون کال کے دوران پس منظر میں خود کار ہتھیاروں کے ذریعے فائرنگ کی آوازیں مسلسل آتی رہیں۔
بہ قول عینی شاہد شامی فوج خودکار بھاری ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کر رہی ہے اور انہوں نے شہر کے داخلی راستوں پر شہریوں کی جانب سے قائم کردہ چوکیوں پر بھی قبضہ کر رکھا ہے۔