بی بی سی ورلڈ سروس کی جانب سے کرائے گئے ایک سروے کے مطابق چالیس فیصد لوگ طالبان کے خلاف جنگ کی بجائے ان سے مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔
بی بی سی نے یہ سروے دسمبر اور فروری کے دوران کروایا تھا۔ یہ سروے چوبیس ممالک میں کرایا گیا جس میں چوبیس ہزار سے زیادہ افراد نے حصہ لیا۔
اس سروے کے نتائج کے مطابق چالیس فیصد افغانستان میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے اور انہیں افغان حکومت کا حصہ بنانے کے حق میں ہیں۔
افغانستان سے نیٹو افواج کے فوری انخلاء کی حمایت 29 فیصد نے کی جبکہ طالبان کے خلاف جنگ کے حق میں سولہ فیصد افراد ہیں۔
چوبیس ممالک میں کیے جانے والے اس سروے میں افغانستان سے نیٹو افواج کے فوری انخلاء کی سب سے زیادہ حمایت پاکستان اور جرمنی میں سامنے آئی جہاں 47 فیصد اس کے حق میں تھے۔ امریکہ میں فوری انخلاء کے حق میں 23 فیصد افراد تھے جبکہ برطانیہ میں 33 فیصد۔