Categories: مشرق وسطی

اسرائیلی فوج کی شام کے سرحدی علاقے میں فائرنگ،20افراد شہید

دبئی(العربیہ ڈاٹ نیٹ) اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ گولان کے علاقے میں شام کی سرحدی حدود صہیونی قبضے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد پر فائرنگ کر دی ہے جس کے نتیجے میں بیس افراد شہید اور دوسو پچیس زخمی ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجیوں نے سرحدی باڑھ کی جانب بڑھنے والے مظاہرین کو پہلے زبانی خبردار کیا گیا کہ جوکوئی بھی سرحد کی جانب آئے گا، اسے گولیوں کا نشانہ بنایا جائے گا اوراس کے بعد انتباہ کے لیے ہوائی فائرنگ کی تھی لیکن جب وہ گولان کی پہاڑیوں کی جانب آگے بڑھتے رہے توان پر فائرنگ کی گئی ہے۔
شام کے سرکاری ٹیلی وژن نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے بیس افراد شہید اور دوسوپچیس زخمی ہوئے ہیں۔ٹیلی وژن پر واقعے کی فوٹیج بھی نشر کی گئی ہے جس میں ایک ٹینک پرسوار اسرائیلی فوجی سرحد کی جانب آنے والے شامی اور فلسطینی نوجوانوں پر فائرنگ کررہے ہیں۔شہداء میں ایک کم سن بچہ بھی شامل ہے۔
اسرائیل کے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر واقع قصبے مجدال شمس سے تعلق رکھنے والے اہلکار فوجیوں کو چلّا چلّا کر مظاہرین پر فائرنگ نہ کرنے کا کہہ رہے ہیں لیکن اسرائیلی فوجی لاوڈ اسپیکرز پر اپنے طور پر اعلانات کررہے تھے کہ جوکوئی بھی سرحدی باڑھ کے قریب آئے گا،وہ اپنے خون کا خود ذمے دار ہو گا۔
ادھر غزہ کی پٹی کے شمالی قصبے بیت حانون کے باہر بھی سیکڑوں فلسطینی اسرائیلی سرحد کی جانب مارچ کے لیے جمع ہوئے تھے لیکن حماس کے پولیس اہلکاروں نے کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے انھیں ایریز بارڈر کراسنگ کی جانب جانے سے روک دیا۔
آج ہزاروں فلسطینی شہری اسرائیل کے مقبوضہ عرب علاقوں کی سرحدوں پر جمع ہو کر اسرائیل کے خلاف “یوم نکسہ” کے سلسلہ میں احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔ یہ دن 1967ء کی چھے روزہ جنگ میں مقبوضہ بیت المقدس، مغربی کنارے، غزہ کی پٹی اور گولان کی پہاڑیوں پراسرائیلی قبضے کے چوالیس سال پورے ہونے پر احتجاج کے طورپرمنایا جارہا ہے لیکن اسرائیلی پولیس اورسیکیورٹی اداروں نے فلسطین کے مقبوضہ شہروں سے شام کی سرحد کی طرف جانے والے قافلوں کو روک دیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مقبوضہ عرب شہروں سے کئی بسوں کا قافلہ شام کی سرحد کی جانب اتوارکوعلی الصباح روانہ ہوا۔ تاہم سرحد کےقریب تعینات اسرائیلی پولیس اور سیکیورٹی حکام نے بسوں کوروک لیا اورانہیں واپس جانے پرمجبورکیاگیا۔ راستے میں روکے جانے پرفلسطینیوں نے بسوں سے اترکروہیں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اوراسرائیل کےخلاف نعرے بازی کی۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے جمعرات کو سرحد کے ساتھ تمام مقبوضہ شہروں میں یوم نکسہ کے موقع پر فلسطینیوں کے مظاہرے روکنے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا اعلان کیاتھا۔العربیہ کے نامہ نگارکے مُطابق صہیونی فوج نے سنہ 1967ء کی جنگ میں شام کے قبضے میں لیے گئے علاقے وادی گولان میں اپنی نفری بڑھادی تھی۔ اس موقع پرفوج کی ہفتہ وارتعطیل ختم کردی گئی تھی اورفوجیوں کومظاہرے کچلنے کے لیے استعمال ہونے والا سامان فراہم کیا گیا تھا۔سرحدی علاقوں اور شہروں میں فوج کے علاوہ پولیس کے اضافی دستے بھی سڑکوں پرگشت کر رہے ہیں۔
درایں اثناء اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں کم سے کم پانچ ہزار اسرائیلیوں نے تنازعے کے دو ریاستی حل کی حمایت میں جلوس نکالا۔ مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے جن پرفلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اسرائیلی فوج کے غزہ اور مغربی کنارے پر قبضےکے خلاف بھی نعرے بازی کی اور حکومت پرزوردیا کہ وہ فلسطینی انتظامیہ کے ساتھ تمام دیرینہ تنازعات جلد ازجلد طے کرے۔
ادھرایک اور پیش رفت میں فلسطینی صدر محمود عباس نے فرانس کی جانب سے اسرائیل ـ فلسطین امن مذاکرات کے تعطل کوختم کرنےکے لیے کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ فلسطین اوراسرائیل کے درمیان گذشتہ ستمبر سے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ فرانس نے ایک مرتبہ پھرفریقین کوبات چیت پرآمادہ کرنے کے لیے کوششیں شروع کی ہیں۔ فلسطینی قائدین یہ واضح کر چکے ہیں کہ اسرائیل کے ساتھ اس سال مذاکرات بحال نہ ہونے کی صورت میں وہ ستمبر میں آزاد ریاست کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھائیں گے۔

modiryat urdu

Recent Posts

کوئی بھی «جنگ» کی تمنا نہ کرے / جنگ کی روک تھام حکام کے ہاتھ میں ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے جمعہ بیس فروری کو زاہدان کی نماز جمعہ کے اجتماع…

3 months ago

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے معافی مانگیں اور ان کے مطالبات تسلیم کریں

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے…

4 months ago

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب کیا

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب…

4 months ago

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

4 months ago

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا کو ’’حیرت زدہ اور مبہوت‘‘ کر دیا

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا…

4 months ago

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی…

5 months ago