اسلام آباد، دبئی(العربیہ) پاکستان، بھارت اور متحدہ عرب امارات میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کئے گئے۔ ریختر سکیل پر 7.4 شدت کے اس زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
کوئٹہ میں زلزلے کے باعث ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ مختلف شہروں میں متعد مکانات گر گئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان، جنوبی پنجاب، سندھ، ان ایریاز میں دوبارہ زلزلہ آ سکتا ہے۔ کراچی، کوئٹہ، وہاڑی، سبی، رحیم یارخان، جعفرآباد، نصیرآباد، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ مراد جمالی، اوستہ محمد اور صحبت پور میں رات 1 بج کر 28 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کئے گئے جس کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کا مرکز بلوچستان کا علاقہ خاران ہے۔ قلات میں زلزلے کی شدت سے متعدد مکانات گر گئے۔ کوئٹہ میں زلزلے کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ ایک نوجوان زلزلے کے دوران زمین پر گرنے سے زخمی ہو گیا۔
کراچی میں زلزلے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد کلمہ پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر آگئی۔ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں زلزلے کے باعث ایک عمارت کو نقصان پہنچا محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس سے پہلے اتنے شدید جھٹکے کبھی نہیں آئے۔
امریکی جیولوجکل سروے کے مطابق کراچی میں زلزلے کی شدت3.7 تھی جبکہ برطانوی ٹی وی نے شدت 4.7 قرار دی ہے۔ لاہور میں زلزلے کے جھٹکے 1 بج کر 28 منٹ پر محسوس کیئے گئے۔ چیف میٹرلوجسٹ محمد ریاض کا کہنا ہے کہ آفٹرشاکس کا سلسلہ ایک ہفتے سے زیادہ رہ سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان، جنوبی پنجاب، سندھ، ان علاقوں میں دوبارہ زلزلہ آسکتا ہے۔ چیف میٹرلوجسٹ محمد ریاض کے مطابق لاہورمیں زلزلے کی شدت 3۔7 شدت ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا دورانیہ ایک سیکنڈ سے زیادہ تھا۔ مورو کے نواحی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے۔
یو اے ای کی ریاست شارجہ میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کئے گئے۔ یہاں بھی لوگوں سڑکوں پر نکل آئے۔
بھارتی شہر نئی دہلی نوئیڈہ شہر اور غازی آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکےمکحسوس کئے گئے یہاں بھی شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں زلزلے کے جھٹکے ایک بج کر 54 منٹ پر محسوس کیئے گئے۔
زلزلے نے افغانستان، ایران، متحدہ عرب امارت اور نئی دہلی کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔ اب تک کسی بھی ملک سے کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ بلوچستان کے علاقے دلبدین سے 34 میل دور پاک افغان سرحد پر رات ایک بج کے 28 منٹ کے قریب 7.3 شدت کا زلزلہ آیا جس کے جھٹکے افغانستان، ایران، متحدہ عرب امارات اور نئی دہلی میں بھی محسوس کیے گئے۔ نئی دہلی میں ایک خوفزدہ شخص نے دوسری منز ل سے چھلانگ لگا دی۔ افغانستان میں تعینات برطانوی فوج کی میڈیا ٹیم نے بتایا کہ زلزلہ انتہائی شدید تھا جبکہ ایک برطانوی فوجی نے اپنے ٹوٹر کے اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ اسے لگا کہ اس کا جہاز طوفان میں پھنس گیا ہے۔ اب تک افغانستان اور ایران سمیت کسی بھی ملک سے کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔