کوئٹہ(جسارت) بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں مسلح افراد نے حملہ کرکے ناٹوکے 16 ٹینکرز تباہ کردیے ، فائرنگ سے ایک ڈرائیورزخمی ہوگیا ۔
ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کے مطابق نصیرآباد کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی میں قومی شاہراہ پر واقع جمالی پیٹرول پمپ پر کھڑے ناٹوکے 18آئل ٹینکر ز پر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ٹینکرز میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تمام ٹینکرز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ٹینکرز میں موجود تیل کے باعث شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے ۔فائرنگ کی زد میں آکر ایک ڈرائیور طاہرخان بھی شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد4تھی جو ڈیرہ اﷲ یار کی طرف سے آئے تھے ۔
آگ لگنے سے 16آئل ٹینکرز مکمل طورپر جل کر خاکسترہوگئے جبکہ 2آئل ٹینکرزکو بچالیا گیاہے۔ آتشزدگی سے ہوٹل اور قریبی پٹرول پمپ کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ قومی شاہراہ کو بھی کئی گھنٹے آمدورفت کے لیے بند رکھا گیا۔لیویز فورس نے تمام علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔
دریں اثناءکالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان اعظم طارق نے برطانوی نشریاتی ادارے کو ٹیلی فون کرکے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔نامعلوم مقام سے بات کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان نے کہا کہ مستقبل میں بھی ناٹوسپلائی پر حملے جاری رکھے جائیں گے۔