- سنی آن لائن - https://sunnionline.us/urdu -

ایرانی فوج کی پریڈ کے دوران بم دھماکا، 10 افراد جاں بحق

mahabad-blastتہران(ایجنسیاں) ایران کے شمال مغربی شہر مہ آباد میں فوج پرپریڈ کے دوران بم حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دس افراد جاں بحق اور متعددزخمی ہوگئے ہیں۔

ایران کے عربی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹیلی وژن چینل العلم کے مطابق بم دھماکا کردآبادی والے شہرمہ آبادمیں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے کے قریب ہواہے اوراس میں زیادہ ترخواتین اور بچے مارے گئے ہیں۔دھماکے کے وقت لوگوں کی ایک بڑی تعدادپریڈدیکھ رہی تھی۔
فوری طورپر کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔البتہ نیم سرکاری نیوزایجنسی مہرکی ایک رپورٹ کے مطابق صوبہ آذربائیجان کے گورنرکے بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ حملہ ممکنہ طورپر کرد علاحدگی پسندوں نے کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پریڈایران اورعراق کے درمیان آٹھ سالہ جنگ کے آغازکی تیسیویں برسی کےسلسلہ میں منعقد کی جارہی تھی۔مہر نے صوبائی پولیس سربراہ جنرل محمد علی نوسراتی کے بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکے میں متعددافراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔تاہم انہوں نے مہلوکین اور زخمیوں کی حتمی تعدادنہیں بتائی۔
مغربی صوبے آذربائیجان کے گورنرواحد جلال زادہ نے سرکاری نیوزایجنسی ایرنا سے بات کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انقلاب مخالف قوتوں نے مہ آباد کے لوگوں سے انتقام لینے کے لیے یہ کارروائی کی ہے۔
واضح رہے کہ مغربی ایران میں بڑی تعدادمیں کردآبادی بھی مقیم ہے۔اس علاقے میں ایرانی سکیورٹی فورسز اور کردباغیوں کے درمیان حالیہ برسوں کے دوران متعددہلاکت آفرین جھڑپیں ہوچکی ہیں۔وہاں پڑوسی ملک عراق میں ٹھکانے رکھنے والا کردگروپ پارٹی آف فری لائف آف کردستان ایرانی سکیورٹی فورسزکے خلاف برسرپیکار ہے۔