Categories: پاکستان

عمرے کی رقم متاثرین کو دینا افضل عمل ہے، اسلام جان بچانے کو فوقیت دیتا ہے، علمائے کرام

کراچی(جنگ نیوز) ملک بھر کے مختلف مکاتب فکر کے علماء نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے کروڑوں افراد شدید متاثر ہوئے ہیں، رمضان المبارک میں ان مسلمان بھائیوں کے پاس سحر اور افطار کیلئے کچھ نہیں ، لہٰذا عمرہ پر جانے والے حضرات بہتر ہے کہ ان متاثرین کی مدد کریں، عمرے کی رقم متاثرین کو دینا افضل عمل ہے ، اسلام جان بچانے کو فوقیت دیتا ہے۔ عمرہ کے اخراجات سیلاب زدگان کی امداد کیلئے دینے سے اللہ راضی ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار ملک بھر کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے ”جنگ کے ملک گیرسروے“ میں کیا۔علمائے کرام میں مفتی محمد نعیم،مرزا یوسف،مولانا دستگیر افغانی،مفتی عبدالحمید ،حافظ علامہ زبیر احمد ظہیر ،حافظ عبدالوہاب روپڑی،مولانا محمد امجد خان،پروفیسر راغب نعیمی، مفتی ہدایت اللہ پسروری، علامہ خالد محمود ندیم،خورشید عباس گردیزی اور دیگر شامل ہیں۔
معروف عالم دین اور جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے کہا کہ اسلام خدمت کا مذہب ہے اس وقت لاکھوں انسانی جانیں خطرات کا شکار ہیں ان حالات میں اگر عمرہ کرنیوالا ان افراد کی مدد کر سکتا ہے تو بہتر ہے تاہم وہ عمرے کی رقم متاثرین کو دیدے یہ افضل عمل ہے ، اسلام انسانی جان بچانے کو فوقیت دیتا ہے۔ معروف عالم دین مرزا یوسف نے کہا کہ ان حالات میں عمرہ کیلئے جانیوالے حضرات اپنے مسلمان بھائیوں کی جانیں بچانے کیلئے قربانی دیں اللہ انہیں بہتر اجر عطا کرے گا ۔
جامعہ ضیاء العلوم کے مہتمم مولانا دستگیر افغانی نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں افضل بات یہ ہوگی کہ عمرہ پر جانے کو آئندہ سال کیلئے موقف کرکے انسانی جانیں بچائی جائیں۔
جامعہ فاروقیہ اور جامعہ اشرف المدارس کے سابق رئیس افتاء اور جامعہ دارالہدیٰ کے مہتمم مفتی عبدالحمید نے کہا کہ نفلی عبادت پر پیسہ خرچ کرنے سے بہتر ہے کہ متاثرین سیلاب کی مدد کی جائے،رمضان المبارک کا مہینہ ہے لاکھوں افراد سحر اور افطار پانی سے کر رہے ہیں بیماریاں پھیل رہی ہیں، ہزاروں افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں لہٰذا انسانی جان بچانے کو فوقیت دی جائے۔
لاہور سے نمائندہ جنگ کے مطابق حافظ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ ان حالات میں عمرہ کیلئے جانیوالے لوگ رقم سیلاب زدگان کی امداد کیلئے دے دیں تو یہ ایک بڑی عبادت اور نیکی ہوگی۔ حافظ عبدالوہاب روپڑی نے کہا کہ عازمین عمرہ اپنا عمرہ ملتوی کرکے اس کی رقم سیلاب زدگان کی امداد میں دیں تو یہ بھی ثواب ہے۔
مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں عمرے پر جانے والے لوگ اللہ کی رضا اور غریبوں کی مدد کیلئے عمرہ پر خرچ ہونیوالی رقم سیلاب زدگان کی امداد میں دے سکتے ہیں۔
ملتان سے نمائندہ جنگ کے مطابق جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو لاہور کے مہتمم پروفیسر راغب نعیمی نے کہا کہ جو لوگ عمرے پر جارہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اس رقم سے سیلاب زدگان کی مالی امداد کریں سیلاب زدگان کی مدد افضل عبادت کے زمرے میں شمار کی جائے گی۔
مفتی ہدایت اللہ پسروری نے کہا کہ عمرہ پھر بھی کیا جاسکتا ہے سیلاب زدگان کی مدد اس وقت ضروری ہے۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ خالد محمود ندیم نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مالی امداد کرنا عمرے کے ثواب سے بڑھ کر ہے۔
جمعیت علماء اسلام ضلع ملتان کے امیر سید خورشید عباس گردیزی نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد سے زیادہ ثواب ملے گا۔
modiryat urdu

Recent Posts

اسلامی ممالک کا ایک دوسرے کے سامنے صف آرا ہونے میں کوئی خیر یا فائدہ نہیں

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے 31 جولائی 2026ء کے خطبہ جمعہ میں مشرقِ وسطیٰ میں…

8 hours ago

“عدل و انصاف کی ترویج”، “متحرک معیشت”، اور “عوام کی رضامندی” حکومتوں کی بقا کا راستہ ہیں

"عدل و انصاف کی ترویج"، "متحرک معیشت"، اور "عوام کی رضامندی" حکومتوں کی بقا کا…

1 week ago

حقوق اللہ اور حقوق الناس کی پامالی تقویٰ اور اعتدال کے راستے سے نکلنے کے مترادف ہے

زاہدان میں 17 جولائی 2026 کو نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران شیخ الاسلام مولانا…

2 weeks ago

“مذاکرات اور بات چیت” ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

"مذاکرات اور بات چیت" ملک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے

3 weeks ago

غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 9 سالہ بچی سمیت کم از کم 6 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

3 weeks ago

اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت سب سے بڑا جہاد ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے زاہدان میں نماز جمعہ تین جولائی 2026ء کے خطبے کے…

4 weeks ago