مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر اتفاق

نیویارک (ایجنسیاں) اقوام متحدہ میں ایک ماہ سے جاری جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق کانفرنس میں مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے کی جانب بڑھنے کی تاریخی قرار داد منظور کرلی گئی ہے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں 189 ممالک نے اس ضمن میں مکالمتی سلسلہ شروع کرنے کے حق میں رائے دی۔ کسی ملک نے بھی اس کی مخالفت نہیں کی۔ تجویز کے مطابق اس ضمن میں 2012ء میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں خطے کے تمام ممالک شرکت کریں گے۔
تین مئی کو شروع ہوئے اس اجلاس کے بعد بائیس نکاتی لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے۔ جوہری عدم پھیلاو کی اس کانفرنس کے چیئرمین لبران کیبکٹولان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، امریکا، روس اور برطانیہ پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں انتظامات کریں۔ امریکا، چین، روس، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی اصولی حمایت تو کی جاتی رہی تاہم اس ضمن میں قانونی طور پر پابند کرنے والے نظام الاوقات کی تجویز کی مخالفت کی۔
کانفرنس کے ذریعے اسرائیل پر زور دیا گیا وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کرکے بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے سے تعاون کرے۔ شمالی کوریا سے بھی دوبارہ این پی ٹی میں شامل ہونے کا کہا گیا۔ سنہ 1970ء میں دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی غرض سے تشکیل دئے گئے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت حالیہ قرارداد کو اس ضمن میں ایک بہت بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے سے مراد یہ ہوگی کہ نا صرف ایران کو اپنا متنازعہ جوہری پروگرام بند کرنا ہوگا بلکہ اسرائیل کو بھی غیر اعلانیہ جوہری اثاثوں سے دستبردار ہونا پڑے گا۔
عرب ممالک نے ایران کے جوہری پروگرام کی مخالفت اسی بات سے مشروط کی تھی کہ تمام خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کئے جانے کی بات کی جائے۔ اسرائیل، بھارت اور پاکستان نے این پی ٹی معاہدے پر دستخط نہیں کئے جبکہ شمالی کوریا دستخط کرنے کے بعد جوہری دھماکے کرکے دستبرداری اختیار کرچکا ہے۔ اسرائیل نے ابھی تک باضابطہ طور پر جوہری ہتھیاروں کی موجودگی کا اعلان نہیں کیا ہے۔
این پی ٹی پر ہر پانچ سال بعد نظر ثانی کی جاتی ہے۔ رواں سال کے اجلاس میں جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری، جوہری پروگرام کے پر امن مقاصد ثابت کرنا، جوہری توانائی کا محفوظ استعمال اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال ایجنڈے پر سر فہرست رہے۔ یاد رہے کہ 1995ء میں این پی ٹی پر نظر ثانی کے وقت بھی مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی تجویز منظور کی گئی تھی تاہم پندرہ سال گزر جانے کے بعد بھی اب تک اس کو عملی شکل دینے کے لئے مناسب سفارتی کوششیں دیکھنے میں نہیں آئیں۔
اقوام متحدہ میں موجود سفارتی ذرائع کے مطابق برازیل اور ترکی، جو ایران کے جوہری تنازعے کے حل کے لئے سفارتی حل کی تلاس میں ہیں، ان کوششوں میں مصروف رہے کہ اپنے حلیف ممالک کو انفرادی فیصلے کرنے کے بجائے متفقہ نکتہ نظر کی جانب مائل کریں۔ حالیہ اجلاس میں مغربی ممالک کی کوشش کی تھی کہ ایران کو تنہا کیا جائے۔
اقوام متحدہ کے اجلاس میں مشرق وسطیٰ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا جو عزم ظاہر کیا گیا، اگرچہ وہ ابھی ایک بیان کی حد تک محدود ہے تاہم سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ کی پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے مثبت پیشرفت کی امید ہے۔
دنیا بھر میں ایک اندازے کے مطابق تئیس ہزار جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان یعنی امریکا، برطانیہ، فرانس، چین اور روس کے پاس ہیں۔ چالیس ممالک ایسے ہیں جن کے پاس نیوکلیئر ٹیکنالوجی موجود ہے۔
modiryat urdu

Recent Posts

کوئی بھی «جنگ» کی تمنا نہ کرے / جنگ کی روک تھام حکام کے ہاتھ میں ہے

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے جمعہ بیس فروری کو زاہدان کی نماز جمعہ کے اجتماع…

3 months ago

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے معافی مانگیں اور ان کے مطالبات تسلیم کریں

جنوری کے واقعات کا کوئی جواز نہیں؛ حکام جواز پیش کرنے کے بجائے عوام سے…

4 months ago

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب کیا

ایرانی عوام نے سن 1979ء میں “انصاف” اور “بہتر زندگی” کے حصول کے لیے انقلاب…

4 months ago

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

جنگ روکنے کا بہترین راستہ: ایرانی قوم کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے

4 months ago

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا کو ’’حیرت زدہ اور مبہوت‘‘ کر دیا

ایران میں حالیہ احتجاجات میں ہلاکتوں کی بڑی تعداد نے ایران کے عوام اور دنیا…

4 months ago

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں

حالیہ احتجاجات میں عوام کے قتلِ عام کی مذمت اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی…

5 months ago