Categories: پاکستان

مینگورہ میں خودکش حملہ ۔۔کوئٹہ بم دھماکے میں ایس پی اور 6 افراد زخمی

مینگورہ (مانیٹرنگ نیوز+ ایجنسیاں) سوات کے شہرمینگورہ میں سہراب خان چوک کے قریب ایک بڑی مارکیٹ میں خود کش دھماکے سے 5 شہری جاںبحق جبکہ خودکش حملہ آور اپنے دو ساتھیوں سمیت مارا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز کے ایک سنیئر اہلکار سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے ایک خود کش حملہ آور کو دو ساتھیوں سمیت زندہ گرفتار کر کے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ صدر‘ وزیراعظم نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی ہر ممکن امداد کی ہدایات جاری کر دیں۔

ذرائع کے مطابق مینگورہ شہر کے سہراب خان پلازہ میں خود کش حملہ آور نے اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا دیا جب سکیورٹی فورسز نے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار اس کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ خود کش دھماکے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر اور 2 ہسپتال میں جاںبحق ہوئے۔ جاںبحق ہونے والے شہریوں میں فضل الرحمان، ریاض اور مراد شامل ہیں۔ پولیس اہلکار محب گل کے مطابق گیارہ بجے شہر میں سہراب چوک کے قریب ایک پرہجوم مارکیٹ میں اس وقت خود کش حملہ آور نے دھماکہ کیا جب مارکیٹ میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ دھماکے کی جگہ امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو سیدو شریف ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے دھماکے کے بعد پورے شہر میں افراتفری پھیل گئی اور لوگوں نے دکانیں بند کر دیں۔ دھماکے سے پچاس کے قریب دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے سے کچھ دیر قبل سکیورٹی فورسز نے گرین چوک سے شدت پسند کمانڈر حضرت علی کودو ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا تھا جس کا تعلق شدت پسند کمانڈر قاری عبداللہ کے قریبی دوستوں سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حضرت علی اور اس کے ساتھیوں کے بارے میں سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ وہ اپنے دیگر چار ساتھیوں کے ہمراہ کسی ٹارگٹ کی جانب بڑھ رہے ہیں جس پر سکیورٹی فورسز نے گرین چوک اور سہراب چوک کے درمیان تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جس میں حضرت علی اور اس کے دو ساتھی گرفتار ہوئے تاہم ان کے دو دیگر ساتھی فرار ہو گئے ،سکیورٹی فورسز نے ان کا پیچھا کیا اور سہراب خان پلازہ میں ان کی گرفتاری کی کوشش کی جس پر اس نے گرفتاری سے بچنے کےلئے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ دھماکے سے قبل بم ڈسپوزل سکواڈ نے ایک مشکوک گاڑی کو کلیئر قرار دیا تھا اس سے قبل علاقے میں پانچ سے سات حملہ آوروں کی موجودگی کی بھی اطلاعات تھیں جس کے بعد شہر میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے تھے۔ مینگورہ سے نامہ نگار کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کرفیو لگا دیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا اور 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ قاضی جمیل نے بتایا دھماکہ خودکش تھا‘ سہراب خان چوک کے قریب نیو روڈ پر فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا کہ اس دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرے خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سوات آپریشن کے انچارج میجر جنرل اشفاق ندیم نے میڈیا کو بتایا کہ جاںبحق ہونے والوں میں ایک خودکش حملہ آور سمیت چار شدت پسند اور تین عام شہری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے سے پہلے سکیورٹی فورسز نے سوات میں داخل ہونے والے ایک خودکش حملہ آور کو گرفتار کیا تھا‘ ان کی نشاندہی پر جب سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ان کے دوسرے تین ساتھیوں تک پہنچنے کی کوشش کی تو ان کے ساتھیوں میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ کے علاقے کلی سردہ ميں رکشے ميں نصب ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے ميں ایس پی سریاب سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے گشت پر مامور ایس پی سریاب محمد عالم پرکانی کو رکشے ميں نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا۔ دھماکے سے پولیس گاڑی اور رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیئر کور کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے ميں لے لیا۔ کانسٹیبل شیریں خان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ابتدائی طبی امداد کے بعد ایس پی محمد عالم پرکانی اور دیگر پولیس اہلکاروں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ ریموٹ کنٹرول بم دھماکے ميں 18کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔

modiryat urdu

Recent Posts

ایرانی عوام شدید ترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں؛ حکومت، پارلیمان اور نظامِ حاکمیت عوام کے معاشی حالات پر توجہ دیں

ایرانی عوام شدید ترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں؛ حکومت، پارلیمان اور نظامِ حاکمیت…

2 days ago

خراسان کے اہلِ سنت کا بارہواں فقہی اجلاس منعقد ہوا

خراسان کے اہلِ سنت کا بارہواں فقہی مشاورتی اجلاس جمعرات کی صبح، 22 اکتوبر 2026ء…

2 days ago

حجاب اور اسرائیل کے معاملے پر اختلافات، ترکیہ آذربائیجان کے درمیان بڑھتی دوریاں

ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات میں تناؤ بڑھنے لگا ہے۔

6 days ago

فرانس میں مہنگائی کے خلاف پرتشدد احتجاج جاری، وزیراعظم کی کرفیو لگانے کی تجویز

فرانس کے وزیرِاعظم سیباستیان لیکورنو نے پیر کے روز مختلف علاقوں میں محدود پیمانے پر…

6 days ago

خطے میں کشیدگی؛ فیلڈ مارشل اہم دورے پر تہران پہنچ گئے

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔

6 days ago

جمہوریہ آذربائیجان کے اسکولوں میں حجاب پر پابندی جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے؛ صدرِ آذربائیجان اپنا حکم واپس لیں

جمہوریہ آذربائیجان کے اسکولوں میں حجاب پر پابندی جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہے؛ صدرِ…

1 week ago