- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

صوبے کے انتظامی امور میں مقامی اور اہلِ سنت افراد کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے

زاہدان (سنی آن لائن) صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر منصور بیجار نے صوبے کے مختلف شعبوں میں حکومت کی چودھویں کابینہ کے اقدامات اور منصوبوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی عہدوں میں مقامی افراد، بالخصوص اہلِ سنت کی نمائندگی بڑھائی جائے گی، بنیادی اشیائے ضرورت کی فراہمی اور صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے سرحدی وسائل اور امکانات کو فعال کیا جائے گا۔
انہوں نے سماجی اور امن و امان کے مسائل میں شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کے مؤثر مؤقف اور کردار کو سراہتے ہوئے صوبے کے عوام کے درمیان اتحاد و یکجہتی برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

صوبے کی ترقی کے عملی منصوبے کی انقلاب کے بعد پہلی بار منظوری
سنی آن لائن کے مطابق، انجینئر منصور بیجار نے جمعہ 13 نومبر 2026ء کو اہل سنت زاہدان کے مرکزی اجتماع برائےنمازِ جمعہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت اور وزیرِ داخلہ کا سلام صوبے کے عوام تک پہنچایا اور سیستان و بلوچستان میں حکومت کی چودھویں کابینہ کے اقدامات اور منصوبوں کی رپورٹ پیش کی۔
انہوں نے صوبہ سیستان و بلوچستان کے ترقیاتی منصوبے کی منظوری کا ذکر کرتے ہوئے کہا: تقریباً ایک سال کی مسلسل کوششوں کے بعد انقلاب کے بعد پہلی مرتبہ یہ منصوبہ کابینہ سے منظور ہوا ہے اور اسے صوبے کی ترقی کے لیے ایک جامع اور اسٹریٹجک لائحۂ عمل کی حیثیت دی گئی ہے۔
گورنر سیستان و بلوچستان نے کہا کہ حکومت نے اپنے آغاز ہی سے صوبے کے انسانی اور اقتصادی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہمارا نقطۂ نظر یہ ہے کہ سیستان و بلوچستان پسماندہ صوبہ نہیں، بلکہ ملک اس صوبے کی صلاحیتوں اور امکانات سے محروم ہے۔

معیشت کے فروغ اور ملکی ضروریات کی تکمیل کے لیے سرحدی امکانات کو فعال بنانا
بیجار نے ملکی تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں سیستان و بلوچستان کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: حکومت کے آغاز ہی سے ہم نے صوبے کی سرحدی صلاحیتوں پر خصوصی توجہ دی ہے اور غیر فعال سرحدی بازاروں اور سرکاری تجارتی پوائنٹس کو دوبارہ فعال کیا ہے۔ اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں اور ہمسایہ ممالک کے مقامی حکام سے رابطوں کے ذریعے تجارت اور سرحدی لین دین کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ میرجاوہ اور ریمدان کی سرحدی گزرگاہوں کو چوبیس گھنٹے فعال کرنا اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی تجارت کی رکاوٹیں دور کرنا بھی انہی اقدامات میں شامل ہے۔
انہوں نے ملکی سطح پر بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں صوبے کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا: گزشتہ سال جب ملک کو بنیادی اشیائے ضرورت کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا تھا، سیستان و بلوچستان نے نہ صرف اپنی ضروریات پوری کیں بلکہ ملک کی مدد بھی کی۔ اس مقصد کے لیے ہم نے اپنے دوست اور اسلامی ملک پاکستان کے مواقع اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا۔

گورنر سیستان و بلوچستان نے مزید کہا کہ کئی سال بعد سیستان آزاد تجارتی زون کو فعال کرنا، اس علاقے میں کسٹم اور مختلف کمپنیوں کی سرگرمیوں کا آغاز، میلک سرحد پر دوسری سڑک کی تعمیر اور اس سرحد پر دوسرے پل کی تعمیر کی منصوبہ بندی حکومت کے دیگر اقدامات میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بنیادی اشیائے ضرورت کی درآمد اور صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے حکومت سے ایک خصوصی منظوری بھی حاصل کی گئی ہے۔

انتظامی عہدوں پر مقامی افراد، بالخصوص اہلِ سنت کی نمائندگی میں اضافہ
بیجار نے انسانی وسائل کی ترقی اور صوبے کے انتظامی امور میں مختلف قومیتوں اور مذہبی برادریوں کی شرکت کے حوالے سے حکومت کی چودھویں کابینہ کی پالیسی بیان کرتے ہوئے کہا: ہماری پوری کوشش رہی ہے کہ صوبے کے مقامی افراد، بالخصوص اپنے اہلِ سنت بھائیوں کو انتظامی ذمہ داریاں اور عہدے دیے جائیں۔ محکمۂ تعلیم میں پہلی مرتبہ صوبے کے ایک مقامی فرد کو اس ذمہ داری پر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح مختلف شعبوں میں خواتین کی صلاحیتوں سے بھی فائدہ اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صدرِ مملکت کی پیروی اور سپریم کونسل برائے ثقافتی انقلاب کی منظوری سے صوبے کے لیے طب کے شعبے میں ایک ہزار سے زائد تعلیمی نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان نشستوں میں مزید اضافے اور آئندہ برسوں میں دو ہزار اضافی نشستیں مختص کرانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
گورنر سیستان و بلوچستان نے پولیس اور سکیورٹی کے اداروں میں مقامی افراد کی شمولیت بڑھانے کے حکومتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: مسلسل پیروی اور کوششوں کے نتیجے میں پولیس کے محکمے میں 600 سے زائد افراد کی بھرتی کی منظوری حاصل کی گئی ہے، جبکہ سرحدی محافظ دستوں میں مزید 400 افراد کی بھرتی کی اجازت بھی مل گئی ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مختلف سرکاری اداروں میں مقامی افراد کی شمولیت اور صوبے کے قبائلی سرداروں، عمائدین اور علمائے کرام کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے سے نہ صرف امن و امان کی صورتِ حال بہتر ہوگی بلکہ عوام کے اعتماد اور تعاون میں بھی اضافہ ہوگا۔

سماجی اور امن و امان کے مسائل کے حل میں مولانا عبدالحمید کے کردار کو خراج تحسین
گورنر سیستان و بلوچستان نے اپنی تقریر کے ایک اور حصے میں صوبے کے سماجی اور امن و امان کے مسائل کے حوالے سے شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کے مؤقف اور مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے کہا: شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے ہمیشہ سماجی مسائل میں تعاون کیا ہے اور مؤثر مؤقف اختیار کیا ہے۔ بہت سے معاملات میں انہوں نے عوام کی آواز بن کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: میں بالخصوص امن و امان کے حوالے سے مولانا عبدالحمید کے حالیہ مؤقف کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے اس مسئلے کی حقیقت عوام کے سامنے اچھی طرح واضح کی ہے۔ اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں ملوث افراد کی نمازِ جنازہ نہ پڑھنے کے بارے میں ان کی تنبیہ اور فتویٰ، بدامنی اور تشدد کے خلاف ایک نہایت واضح اور مضبوط پیغام تھا۔

تیس ستمبر کے شہداء کی یاد میں خراجِ عقیدت
بیجار نے زاہدان کے مرکزی خطیب اہل سنت کی جانب سے بعض کشیدگیوں اور جھڑپوں کو روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں، بالخصوص تیس ستمبر کے واقعات (زاہدان کے خونی جمعے کے سانحے) میں ان کی وساطت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: مولانا عبدالحمید کی بروقت کوششوں اور علمائے کرام و معتمدین کے تعاون نے تیس ستمبر واقعے کو سنبھالنے میں بہت مؤثر کردار ادا کیا۔
انہوں نےتیس ستمبر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: ہم اس سانحے کے شہداء کو قدر و احترام سے یاد کرتے ہیں اور ان کی ارواح کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم صوبے کے ان تمام علمائے کرام اور عمائدین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کے مطالبات کی پیروی میں کردار ادا کیا۔ اہلِ خانہ کے بعض مطالبات، مثلاً دیت اور زمین سے متعلق معاملات پر کارروائی کی جا چکی ہے، جبکہ دیگر امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

صوبے کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ایک ہم وطن کی حیثیت سے کوشش
گورنر سیستان و بلوچستان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وہ خود کو صوبے کے عوام کا فرزند سمجھتے ہیں، کہا: میں آپ ہی کے لوگوں میں سے ایک فرد اور آپ کا فرزند ہوں، جو حکومتی نظام کا حصہ ہے۔ اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں اہلِ سنت برادری اور صوبے کے بہت سے مسائل اور مشکلات سے آگاہ ہوں۔
انہوں نے واضح کیا: اعلیٰ حکومتی سطح پر اہلِ سنت برادری کے ساتھ کسی قسم کا امتیاز یا ناانصافی نہیں برتی جاتی۔ اگر بعض معاملات میں کوئی مسئلہ پیش آیا ہے تو اس کی وجہ نچلی سطح پر انتظامی ذمہ داروں کی کوتاہی رہی ہے۔
بیجار نے عوام کے مطالبات کی پیروی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا: مشکلات اور کوتاہیاں ضرور موجود ہیں، لیکن میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اسی سرزمین کے ایک فرزند کی حیثیت سے اپنی پوری صلاحیت اور استطاعت کے آخری درجے تک سیستان و بلوچستان کے عوام کے مسائل اور مطالبات کی پیروی کروں گا۔ امید ہے کہ اس صوبے کے عوام کا مستقبل روشن ہوگا۔

آخر میں گورنر سیستان و بلوچستان نے ملک کے موجودہ حالات میں عوام کے اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: ایسے حالات میں جب ملک جنگ اور بیرونی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، اتحاد اور باہمی یکجہتی کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔ ہمیں اس قیمتی سرمائے کی حفاظت کرنی چاہیے۔