- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

دارالعلوم زاہدان میں اجتماعی شادی کی تقریب منعقد

زاہدان (سنی آن لائن) ایک سو نوجوان جوڑوں کی شادی کی تقریب جامعہ دارالعلوم زاہدان کے احاطے میں منعقد ہوئی جس میں شہر کے متعدد معزز عمائدین اور سماجی کارکنوں سمیت نامور علمائے کرام نے شرکت کی۔
سنی آن لائن کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ دارالعلوم زاہدان کے سماجی امور کے دفتر کے اہتمام سے پیر چھ مارچ کی شام کو جامعہ کے احاطے میں ایک سو جوڑوں کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ایران کے ممتاز کرد نظم خواں ‘پیام عزیزی’ نے نظم پڑھ کر حاضرین کو محظوظ کیا۔
تقریب کے ایک حصے میں حاجی صمدخان شاہوزہی، شہر کے عمائدین اور ڈاکٹر علیرضا زاہدی، فرہنگیان یونیورسٹی کے پروفیسر نے خطاب کیا۔
اجتماعی شادی کی تقریب کے آخر میں نامور عالم دین اور جامعہ دارالعلوم زاہدان کے صدر و شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا اس تقریب کی منصوبہ بندی چند مہینے قبل ہوئی تھی، لیکن مناسب حالات کے انتظار میں تھے۔
انہوں نے اجتماعی اور آسان شادی کی تقریبات کے انعقاد کو ‘سنت حسنہ’ یاد کرتے ہوئے کہا: ایسی تقریبات کے انعقاد ‘رب العالمین کی رحمت و رضامندی’ کو ساتھ لاتی ہیں۔ لہذا پورے ملک اور صوبے کے عوام سے میری گزارش ہے کہ شادی کے اخراجات کم کرکے آسان تقریبات کے انعقاد کو ترجیح دیں تاکہ موجودہ حالات میں نوجوان شادی کرسکیں۔
یاد رہے زاہدان کے ایک معزز شہری اور قبائلی رہ نما اپنے بیٹے کی شادی کے لیے پرتکلف تقریب منعقد کرنا چاہتے تھے، لیکن شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کی تجویز پر اپنے بیٹے کی شادی کے اخراجات سے ایک سو نوجوان جوڑے کے لیے جہیز کا بندوبست کرکے انہیں ولیمہ بھی دلایا۔