- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

کراچی کے علاقے شیرشاہ میں دھماکا، 14 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے شیر شاہ کے پراچا چوک پر نجی بینک کی عمارت میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عالمگیرخان کے والد سمیت 14 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ عمارت کے پلرز اکھڑ گئے اور بینک کی عمارت تقریباً مکمل تباہ ہوگئی، زوردار دھماکے سے قریبی واقع پیٹرول پمپ کے علاوہ متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو بھی نقصان پہنچا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق نالے پر قائم نجی بینک میں دھماکا گیس لیکیج سے ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکا گیس بھر جانے کے باعث ہوا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے میں دہشت گردی سمیت کسی قسم کی تخریب کاری کے شواہد ابھی تک نہیں ملے ہیں۔

سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 14افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نالے کے اوپر بنائی تمام مارکیٹس اور عمارتیں غیر قانونی ہیں، واقعے سے متعلق شفاف انکوائری کے احکامات دیے ہیں اور تجاوزات کے خلاف جلد گرینڈ آپریشن کیا جائے گا۔

سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز نے کہا کہ نالے پر بنائے گئے لیز پیپر قانونی حیثیت نہیں رکھتے۔

اس سے قبل ڈی آئی جنوبی کراچی شرجیل کھرل نے دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی تھی تاہم دھماکے کی وجوہات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے تفتیش جاری ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنی ٹوئٹ میں کراچی سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔