- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

گوادر دھرنا؛ ایرانی بلوچستان سے مولانا عبدالحمید نے کیا حمایت کا اعلان

زاہدان (سنی آن لائن) گوادر میں صدائے احتجاج بلند کرنے والوں کی آواز ایران میں بھی سنی گئی؛ ممتاز بلوچ عالم دین مولانا عبدالحمید نے ایک ٹوئیٹ پیغام میں بلوچستان کے مظلوم عوام کے مطالبات کو جائز اور آئینی قرار دیے۔
سنی آن لائن کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی بلوچستان کے صدرمقام زاہدان سے تعلق رکھنے والے عالم دین نے اپنے پیغام میں لکھا: گوادر کے معزز شہریوں کا اپنی زندگی کے مشکل حالات کے خلاف احتجاج بالکل بجا اور جائز ہے۔
انہوں نے اس احتجاج کی کامیابی پر امید ظاہر کرتے ہوئے لکھاہے: مجھے امید ہے کہ پاکستانی حکام بلوچستان کے مظلوم عوام کی آواز سنیں گے اور ان کے مطالبات کا مثبت جواب دیں گے۔
صدر دارالعلوم زاہدان نے مزید لکھاہے: گوادر کے مقامی باشندے اس خطے کے معاشی فوائد سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے حقدار ہیں۔
بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں 15 نومبر سے جاری ‘حق دو تحریک’ مولانا ہدایت الرحمان کی قیادت میں جاری ہے جس کے بیشتر مطالبات عوامی مسائل اور معیشت سے متعلق ہیں۔