- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

طالبان کا داعش کیخلاف کریک ڈاؤن آپریشن، جنگجوؤں سمیت 8 افراد ہلاک

طالبان نے ملک میں ہونے والے خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم داعش خراسان کے ٹھکانوں پر کریک ڈاؤن آپریشن کیا جس کے دوران 5 داعش جنگجو سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 10 کو گرفتار کرلیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے قندھار کے چار اضلاع میں داعش خراسان کے ٹھکانوں پر کریک ڈاؤن آپریشن کیا۔ دو طرفہ ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں داعش کے 5 جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ 10 کو حراست میں لے لیا گیا۔
کریک ڈاؤن آپریشن کے دوران طالبان کو بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ملا ہے۔ یہ کارروائی داعش خراسان کی جانب سے افغانستان میں امام بارگاہوں اور ایک ملٹری اسپتال میں حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد کی گئی ہے۔
اس حوالے سے قندھار میں طالبان کے صوبائی پولیس سربراہ عبدالغفار محمدی نے بتایا کہ 4 داعش جنگجوؤں کی ہلاکت کے بعد ایک جنگجو نے اپنے گھر میں خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔
دوسری جانب طالبان انٹیلی جنس ایجنسی کے ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ آپریشن کے دوران 3 شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ طالبان کی جانب سے ہلاک ہونے والے داعش جنگجوؤں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے داعش خراسان نے امام بارگاہوں، مسافر بس، طالبان کے سیکیورٹی قافلوں اور ملٹری اسپتال پر حملے میں کابل کے سیکیورٹی چیف کو شہید کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔