- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

مولانا عبدالحمید کا مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کی وفات پر تعزیتی پیغام

زاہدان: اہل سنت ایران کی ممتاز دینی و سماجی شخصیت نے مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر رحمہ اللہ کے سانحہ انتقال پر تعزیتی پیغام دیتے ہوئے ان کے لواحقین، تلامذہ اور عقیدت مندوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کا پیغام درجِ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم
’موت العالِم موت العالم‘

اطلاع ملی کہ پاکستان کے مایہ ناز عالم دین، صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان اور جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے صدر و شیخ الحدیث اس فانی دنیا سے کوچ کرگئے ہیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
بلاشبہ علمائے کرام کی موت جنہوں نے پوری زندگی اسلام اور انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کی ہو، دنیا کی موت ہے اور ان کے چلے جانے سے امت مسلمہ ایک ناقابل تلافی نقصان سے دوچار ہوجاتی ہے۔
ہمارے خیال میں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر رحمہ اللہ ایسے ہی علمائے کرام کی صفِ اول میں شامل ہیں جنہوں نے لاکھوں افراد کو فیض پہنچاکر اشاعتِ اسلام اور اقامتِ دین کے سلسلے میں بیش بہا خدمات پیش کیں۔اللہ تعالیٰ نے مولانا مرحوم سے بڑی خدمات لیں جو ان کی مقبولیت کی نشانی ہے۔
بندہ اپنی طرف سے اور جامعہ دارالعلوم زاہدان کے اساتذہ کی جانب سے مولانا عبدالرزاقؒ کے اہل خانہ، لواحقین، تلامذہ، عقیدت مندوں اور سب اسلامیانِ پاکستان سے تعزیت کا اظہار کرتاہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو مغفرت تامہ اور پس ماندگان کو صبر جمیل اور اجر جزیل عطا فرمائے، آمین۔

(مولانا) عبدالحمید
صدر جامعہ دارالعلوم زاہدان