- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

مولانا زرولی خانؒ کا انتقال؛ مولانا عبدالحمید نے تعزیت کا اظہار کیا

زاہدان (سنی آن لائن) پاکستان کے نامور عالم دین مولانا مفتی زرولی خان رحمہ اللہ کے سانحہ انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے سنی رہ نما مولانا عبدالحمید نے پاکستان کے علمائے کرام اور جامعہ احسن العلوم کراچی کے طلبا و اساتذہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھاہے: حضرت مولانا زرولی خان رحمہ اللہ کے انتقال کی خبر سے سخت صدمہ ہوا۔ آپؒ ایک جید، محقق، ہردلعزیز، حق گو اور مخلص عالم دین تھے جن کی پوری زندگی تعلیم و تعلم، طلبہ کی تربیت اور عوام کے ارشاد و رہنمائی میں گزری۔
صدر دارالعلوم زاہدان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلاشبہ ایسے جید علمائے کرام کا انتقال مسلمانانِ پاکستان کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید نے پاکستان کے علمی حلقوں، جامعہ احسن العلوم کے طلبا و اساتذہ اور بطورِ خاص مولانا زرولی خانؒ کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مکمل مغفرت اور رفع درجات کی دعا مانگی ہے۔
مولانا عبدالحمید کے علاوہ ایران کے دیگر سنی علمائے کرام نے حضرت مولانا زرولی خان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہادر، نڈر اور اعلیٰ پایہ کے محقق یاد کیا ہے جن کے وصال اہل علم کے لیے بڑا خسارہ ہے۔