- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد نئے امیر مقرر

کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الصباح کو ریاست کا نیا امیر نامزد کردیا گیا ہے۔توقع ہے کہ وہ بدھ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
کویت کی کابینہ نے مرحوم امیرکویت شیخ صباح الاحمد الصباح کی وفات کے بعد شیخ نواف کو نیا امیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔انھیں 2006ء میں خلیجی ریاست کا ولی عہد مقرر کیا گیا تھا۔اسی سال شیخ صباح کویت کے امیر بنے تھے۔
کویت کے آئین کے تحت ملک کے نئے ولی عہد کی نامزدگی کی قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظوری ضروری ہے۔روایتی طور پرشیخ مبارک الصباح کی اولاد سے تعلق رکھنے والی شخصیات ہی کو ولی عہد اور امیر مقرر کیا جاتاہے۔
83 سالہ شیخ نواف قبل ازیں وزیر دفاع اور وزیر داخلہ رہے تھے۔1990ء میں عراق کی کویت پر چڑھائی کے بعد انھیں وزیر محنت اور سماجی امور مقرر کیا گیا تھا۔وہ 1992ء تک اس منصب پر فائز رہے تھے۔1994ء سے 2003ء تک وہ کویت کے نیشنل گارڈ کے نائب سربراہ رہے تھے۔
الشیخ صباح نے جولائی میں علاج کے لیے امریکا منتقل ہونے کے بعد ولی عہد شیخ نواف الاحمد کوعارضی طور پر اپنے بعض اختیارات سونپ دیے تھے۔