- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

افغانستان میں بم دھماکا، حکومت کے حامی 11 جنگجو ہلاک

افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں حکومت کے حامی11 جنگجو ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صوبے بدخشاں میں سڑک کنارے بم سے حکومت کے حامی جنگجوؤں کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا، جنگجوں کا گروپ سیکیورٹی فورسز کی معاونت کے لیے جارہا تھا۔
ترجمان صوبائی گورنر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مقامی کمانڈرز بھی شامل ہیں۔
رکن بدخشاں صوبائی کونسل عبداللّٰہ ناجی نے حملے کی ذمہ داری طالبان پرعائد کی ہے، تاہم طالبان کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے کہ مقامی عسکریت پسند اکثر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کام کرتے ہیں اور طالبان اُنہیں تسلسل کے ساتھ نشانہ بناتے ہیں۔
دوسری جانب پنٹاگون نے بھی طالبان حملوں کے جواب میں حملے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز افغانستان میں امریکی فوج نے افغان صوبے فراح اور قندھار میں طالبان پر فضائی حملے کیے تھے۔
ترجمان امریکی فوج نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ صوبے فراح میں فضائی حملہ رات کو جبکہ قندھار میں دوپہر کو کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج نے دونوں فضائی حملے طالبان کے افغان فورسز پر حملے ناکام بنانے کے لیے کیے، دونوں فریقین امن عمل کے لیے تشدد میں کمی کریں۔
ترجمان امریکی فوج نے کہا کہ عید پر سیز فائر کے بعد طالبان کے خلاف یہ پہلے امریکی حملے ہیں۔