- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

بلوچ عالم دین کمرہ عدالت سے گرفتار

مشہد (سنی آن لائن) ایرانی بلوچستان کے ضلع سرباز سے تعلق رکھنے والے ممتاز عالم دین مولانا فضل الرحمن کوہی مشہد کی ایک عدالت میں جمعرات اٹھائیس نومبر کو پیشی کے بعد گرفتار ہوئے۔
اہل سنت ایران کی آفیشل ویب سائٹ سنی آن لائن کی رپورٹ کے مطابق، مولانا فضل الرحمن کوہی مخصوص عدالت برائے علما کی جانب سے طلب ہوئے تھے جنہیں جمعرات کو عدالت سے گرفتار کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ان کے ساتھ جانے والے چھ افراد بھی حکام کی حراست میں ہیں۔
مولانا فضل الرحمن کوہی ایرانی بلوچستان کے ضلع سربازکے ’پشامگ‘ میں واقع انوارالحرمین مدرسہ کے مہتمم اور اسی گاؤں کے خطیب جمعہ ہیں۔
خطیب اہل سنت زاہدان کے دفتر میں ایک ذمہ دار نے ’سنی آن لائن‘ کو بتایا: مولانا فضل الرحمن کوہی کی واپسی اور مسئلے کے حل کے لیے شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کی کوششیں جاری ہیں۔ امید ہے مولانا جلد رہا ہوجائیں۔
یاد رہے اس سے قبل اپریل دوہزار سترہ میں مولانا فضل الرحمن کوہی کو مشہد ہی میں کمرہ عدالت سے جیل بھیج دیا گیا تھا اور نو دن کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا۔
مولانا کوہی نے گرفتاری سے پہلے پشامگ کے خطبہ جمعہ میں پیٹرول مہنگا کرنے پر تنقید کرتے ہوئے احتجاج کرنے والوں سے ہونے والے برتاؤ پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
مولانا فضل الرحمن کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ ان پر دباؤ ڈالا جارہاہے کہ جمعہ کی امامت و خطابت سے دستبردار ہوجائیں۔
واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بعض شہریوں نے ضلع سرباز کے بعض راستوں اور شاہراہوں پر ٹائر جلاکر انہیں بلاک کیا۔ جبکہ مظاہرین پر ہونے والی فائرنگ میں کچھ افراد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔