- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

ٹرمپ کی اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کی موت کی تصدیق

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی موت کی تصدیق کر دی۔
امریکی وزیرِ دفاع مارک ایسپر نے بھی گزشتہ ماہ حمزہ بن لادن کی موت کی تصدیق کی تھی، اب امریکی صدر کی جانب سے اسامہ کے بیٹے کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حمزہ بن لادن پاک افغان سرحدی علاقے میں امریکی فورسز کے انسداد دہشت گردی آپریشن میں مارا گیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حمزہ بن لادن کی موت نہ صرف القاعدہ کی قیادت بلکہ تنظیم کی کارروائیوں کے لیے بھی بڑا نقصان ہے۔
امریکی میڈیا نے جولائی کے اواخر میں امریکی فورسز کے آپریشن کے دوران حمزہ بن لادن کے ہلاک ہونے کی خبر دی تھی۔
گزشتہ ماہ حمزہ بن لادن کی موت کے حوالے سے امریکی حکام کے 3 انٹیلی جنس اہلکاروں کی جانب سے کیے گئے دعوے میں حمزہ بن لادن کی موت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی تھیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا تھا کہ اُن کی موت کب اور کہاں واقع ہوئی ہے۔
امریکی ٹی وی نے اس حوالے سے جو رپورٹ دی تھی اس میں یہ واضح نہیں تھا کہ امریکا نے حمزہ کی ہلاکت میں کوئی کردار ادا کیا تھا یا نہیں، تاہم اب امریکی صدر کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آگیا ہے کہ حمزہ بن لادن کی ہلاکت پاک افغان سرحدی علاقے میں امریکی فورسز کے انسداد دہشت گردی آپریشن میں ہوئی تھی۔
گزشتہ سال برطانوی اخبار نے انکشاف کیا تھا کہ حمزہ بن لادن نے 2001ء میں نائن الیون پر ہونے والے حملےکے ماسٹر مائنڈ محمد عطاء کی بیٹی سے شادی کر لی تھی۔