- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

کابل میں فوجی اکیڈمی پرخودکش حملے میں 6 افراد ہلاک

افغانستان کے دارالحکومت میں فوجی اکیڈمی کے قریب خودکش دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور6 زخمی ہوگئے۔
افغان حکام کے مطابق کابل میں خود کش حملہ آور نے فوجی اکیڈمی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اکیڈمی کے قریب ایک فوجی اہلکارنے مشکوک شخص کو روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ کسی بھی گروپ نے فوری طور پراس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

طالبان کے افغان سیکیورٹی فورسز پر دو حملوں میں 23 اہلکار ہلاک
طالبان جنگجوؤں کے افغان سیکیورٹی فورسز پر دو مختلف حملوں کے باعث 23 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ طالبان 4 فوجیوں کو اغوا کر کے لے گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے غور میں پولیس چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں 18 پولیس اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب لوگر صوبے میں بھی طالبان جنگوؤں نے افغان فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، طالبان جنگجو 4 اہلکاروں کو اغوا کر کے بھی لے گئے۔
افغان فوج نے اتحادی افواج کی مدد سے اغوا کیے گئے اہلکاروں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم اب تک کسی اہلکار کی بازیابی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کو مزاحمت کا سامنا ہے۔
ادھر افغان طالبان کا مذاکراتی وفد روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچ گیا جہاں دہائیوں تک ایک دوسرے سے خونی جنگ کرنے والے سخت حریفوں کے درمیان امن مذاکرات ہونا ہیں۔ روس میں افغان طالبان کو اعلیٰ حکام نے خوش آمدید کہا۔