- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

لائیو پروگرام میں صحابہؓ کی شان میں گستاخی، اہل سنت ایران کا اظہارِ مذمت

تہران (سنی آن لائن) ایرانی سرکاری ٹی وی چینل 5 میں ایک ذاکر نے لائیو پروگرام میں خلفائے ثلاثہ اور ام المومنین عایشہ صدیقہ رضی اللہ عنہم کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے ایران کی سنی برادری میں غم و غصے کی لہر دوڑادی۔ متعدد شخصیات اور حلقوں نے مذمت کا اظہار کیا ہے۔
سنی آن لائن نے رپورٹ دی، سرکاری ٹی وی چینل پر سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کے میلاد کی مناسبت سے قائم ایک مجلس میں گستاخ ذاکر ’سید مہدی حسینی‘ نے صحابہ کرام پر لعن بھیج کر انہیں انتہائی گھٹیا اور گستاخانہ الفاظ کے ساتھ یاد کیا۔ ایرانی اہل سنت کی متعدد شخصیات نے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شدید غصے کا اظہار کیا۔
مجلس شورائے اسلامی (پارلیمنٹ) کے سنی ارکان نے مرشد اعلی آیت اللہ خامنہ ای کے نام خط شائع کرتے ہوئے اس گستاخی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سپریم لیڈر سے مطالبہ کیا ہے ایسے گستاخ افراد کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے اور ضروری کارروائی کرکے عوام کو اس حوالے سے مطلع کیا جائے۔
سینئر سنی رہ نما ڈاکٹر رحیمی نے پارلیمان میں سوال اٹھایا کہ کب تک اہل سنت کی مقدسات کی شان میں گستاخی کا سلسلہ جاری رہے گا؟ صحابہ ؓ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو ٹرائل کرکے انہیں نشانِ عبرت بنایاجائے۔
یاد رہے ٹی وی چینل نمبر پانچ کے ڈائریکٹر جنرل نے بیان جاری کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سنی برادری سے معافی مانگتے ہوئے خبر دی ہے کہ مذکورہ گستاخانہ پروگرام شائع کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیاجائے گا۔ انہوں نے بعد میں ایک بلوچی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا براہ راست ملوث افراد کو معطل کیا گیاہے۔
دریں اثنا جامعہ دارالعلوم زاہدان کے اساتذہ نے بیان شائع کرتے ہوئے سرکاری ٹی وی میں صحابہؓ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کی ہے۔ اساتذہ دارالعلوم زاہدان نے مذکورہ ذاکر کو ’جاہل، متعصب اور گستاخ‘ یاد کیا ہے جس نے امت مسلمہ کے اتحاد پر ضرب لگائی ہے۔ بیان میں سپریم لیڈر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گستاخ افراد کے خلاف سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں۔