- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

عالمی رہنماؤں کی امت مسلمہ کو رمضان کی مبارک باد

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد پیش کی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
جسٹن ٹروڈو نے السلام علیکم کہ کر اپنے پیغام کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ رمضان اسلام کے آفاقی تعلیمات کا محور ہے، یہ مہینہ رواداری اور خدمت خلق کا مہینہ ہے اور دوسروں کی ضروریات کا خیال رکھنے کا درس دیتا ہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم نے نیوزی لینڈ مساجد حملے کے تناظر میں کہا کہ مسلمانوں کے لیے چند ماہ نہایت تکلیف دہ رہے ہیں، مسلمانوں کو نفرت آمیز رویے، اسلام فوبیا اور تشدد کا سامنا رہا ہے۔ ہم سب کو مل کر اسلام فوبیا کے خلاف کام کرنا ہوگا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے پوری دنیا اور بالخصوص امریکا میں مقیم مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآن کا نزول ہوا اور اس ماہ مسلمان اپنی روحانی بالیدگی کے لیے روزوں کا اہتمام کرتے ہیں۔
ادھر بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی، برطانوی وزیراعظم تھریسامے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو، فرانس کے صدر ایمانویل میکرون اور جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل سمیت دیگر عالمی قیادت نے مسلمانوں کو رمضان کی آمد پر دلی مبارک باد پیش کی ہے۔