- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

علامہ تقی عثمانی پر قاتلانہ حملہ؛ مولانا عبدالحمید کا اظہارِ مذمت

زاہدان (سنی آن لائن)جمعہ بائیس مارچ کو علامہ مفتی محمدتقی عثمانی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کے ممتاز سنی عالم دین نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا دہشت گروہوں کی نشاندہی کرکے ان کی بیخ کنی کرے۔
سنی آن لائن کے مطابق، زاہدان سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز عالم دین اور سیاسی و سماجی رہ نما شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: مولانا مفتی محمدتقی عثمانی مدظلہم ایک عظیم علمی اور ممتاز شخصیت ہیں اور آپ کی علمی کاوشوں سے پوری دنیا کے علمی مراکز استفادہ کرتے ہیں، آپ کی ذات پاکستان تک محدود نہیں ہے اور اس حادثے نے پورے عالم اسلام کو ہلاکر رکھ دیا۔
بلوچ عالم دین نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا: ہم اللہ تعالی کا شکر بجالاتے ہیں کہ اس ذات پاک نے آپ کی حفاظت فرمائی اور آپ کو بچالیا۔ یہ اللہ تعالی کی سنت ہی ہے کہ اپنے خاص اور حق پر قائم اپنے بندوں کی نصرت و مدد فرماتاہے۔
انہوں نے مزید کہا: ہم اس دہشت گردانہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ، اللہ تعالی سے شہدا کے لیے رفع درجات اور زخمیوں کے لیے شفائے عاجل کی دعا کرتے ہیں۔
رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کے رکن نے اپنے بیان میں کہا: حکومتِ پاکستان سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسے جرائم پیشہ گروہوں کی نشاندہی کرکے ان کی بیخ کنی کرے جو یکے بعداز دیگرے ممتاز علمائے کرام اور عالمی شخصیات پر دہشت گردانہ حملے کرتے ہیں۔ اگر حکومت پاکستان یہ خدمت بجا لائے، بلاشبہ یہ خدمت معزز پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کی رضامندی و مسرت کا باعث ہوگی۔