- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

مقبوضہ کشمیر میں 3 کشمیری نوجوان شہید، ڈی ایس پی ہلاک اور بھارتی میجر زخمی

قابض بھارتی فوج نے 3 کشمیری نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا جب کہ کشمیر پولیس کا ڈی ایس پی ہلاک اور ایک میجر شدید زخمی ہوا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ کشمیر پولیس کے ڈی ایس پی امان ٹھاکر ہلاک اور بھارتی فوج کا ایک میجر بھی شدید زخمی ہوا ہے۔
دوسری جانب حریت رہنماؤں کی اپیل پر کشمیری عوام بھارتی جارحیت کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں۔ پوری وادی میں ہُو کا عالم ہے اور سڑکوں، مارکیٹوں اور گلیوں میں مکمل سناٹا ہے۔
حریت رہنماؤں نے پلوامہ حملے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلاجواز چھاپے، گرفتاریاں، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور بھارتی آئین کے آرٹیکل 35-اے کو ختم کرنے کی مودی سرکار کی مذموم سازش کے خلاف پُر امن شٹرڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی تھی۔
اس موقع پر تمام تعلیم ادارے بند، کاروباری سرگرمیاں معطل اور ذرائع آمد و رفت ناپید ہیں جب کہ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس اور موبائل نیٹ ورک بند کردیئےہیں، جگہ جگہ ناکے لگا کر شہریوں کو تلاشی کے نام بے عزت کیا جا رہا ہے۔ اہم شاہراؤں پر بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 14 فروری کو ضلع پلوامہ میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش کار بمبار حملے میں 44 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد بھارتی فوج نے چھاپوں کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔