- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

صوبہ سندھ میں ’’پیغام مدارس مہم‘‘

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے فیصلے کے مطابق پورے ملک میں ’’پیغام مدارس مہم‘‘ کا سلسلہ جاری ہے۔ ان پروگراموں کا مقصد مدارس عربیہ کی افادیت، کارکردگی، مشکلات و مسائل سے عامۃ الناس کو آگاہ کرنا اور مدارس کا مقدمہ عوام کے سامنے رکھنا ہے۔ حالیہ دور میں ایک تسلسل کے ساتھ مدارس کے خلاف میڈیاوار چل رہی ہے۔ عوام کے ذہنوں میں یہ بات راسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مدارس دہشت گردی کے مراکز ہیں۔ اس لیے ضروری ہوگیا تھا کہ اس زہرناک پرپیگنڈے کا توڑ کیا جائے اور مدارس کے پاکیزہ، اُجلے اور روشن کردار کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ مدارس دینیہ ملک میں تعلیم اور امن و امان کے لیے جو خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ کٹھن حالات کے باوجود لاکھوں طلبہ و طالبات کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی بنیادی ضروریات بھی مفت فراہم کررہے ہیں۔ دینی مدارس معاشرے کی ایک بہت بڑی ضرورت کو پورا کرتے ہوئے مفت میں ملک کی شرح خواندگی میں اضافے کا سبب بھی ہیں۔
الحمدللہ! صوبہ کے پی کے اور صوبہ پنجاب کے بیشتر شہروں میں ’’پیغام مدارس مہم‘‘ کے سلسلے میں عظیم الشان اور کامیاب پروگرام منعقد ہوچکے ہیں۔ جن کے انعقاد کے لیے مولانا حسین احمد صاحب ناظم وفاق (کے پی کے) اور مولانا قاضی عبدالرشید صاحب ناظم وفاق (پنجاب) نے انتھک محنت فرمائی۔ اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی ’’وفاق المدارس‘‘ کے زیر انتظام متعدد پروگرام منعقد ہوئے۔ میڈیا کی سطح پر صاحبزادہ مولانا طلحہ رحمانی، مولانا عبدالقدوس محمدی، مفتی سراج الحسن کی سرگرمی نے وفاق المدارس کے پیغام کو عام کرنے میں خاصی مدد دی۔
سندھ میں ’’پیغام مدارس مہم‘‘ کے آغاز سے قبل ناظم وفاق صوبہ سندھ حضرت مولانا امداداللہ یوسفزئی مدظلہم نے انتظامی امور کے سلسلے میں متعلقہ مسؤلینِ وفاق کے ساتھ اجلاس کیے، حضرت صدر وفاق مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر مدظلہم اور نائب صدر وفاق حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی مدظلہم کے ساتھ مشاورت کے بعد ان پروگراموں کے مقام و تاریخ کے شیڈول مرتب کیے۔ اس سلسلے کو صوبہ سندھ میں پہلا پروگرام جامعہ فاروقیہ حب ریور روڈ کراچی میں ۲۰ دسمبر ۲۰۱۸ء کو منعقد ہوا۔ جامعہ فاروقیہ میں ہونے والے اجتماع کی صدارت رکن مجلس عاملہ وفاق اور جامعہ فاروقیہ کے مہتمم حضرت مولانا ڈاکٹر عادل خان صاحب مدظلہم نے فرمائی، جب کہ ناظم وفاق صوبہ سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی، حضرت مولانا ڈاکٹر عادل خان صاحب مدظلہم نے فرمائی، جب کہ ناظم وفاق صوبہ سندھ، مولانا مفتی محمد نعیم رکن مجلس عاملہ وفاق المدارس، مولانا قاری حق نواز مسؤل وفاق، مولانا منظور احمد مسؤل وفاق، مولانا قاری محمد عثمان (جے یو آئی)، مولانا محمد منظور مینگل، مولانا غلام اکبر مہتمم جامعہ علوم شرعیہ حَب اور مولانا عبادالرحمن نے خطاب کیا۔ اس پروگرام میں مولانا ڈاکٹر سعید اسکندر نے حضرت صدر وفاق دامت برکاتہم کی نیابت کی۔ ان کے علاوہ مولانا محمدیوسف افشانی، مولانا مفتی محمد (جامعۃ الرشید) مولانا الطاف الرحمن (جامعۃ الرشید)، مولانا ڈاکٹر قاسم محمود، مولانا محمد ابراہیم سکرگاہی (کو آرڈینیٹر وفاق المدارس سندھ) مولانا محمد زبیر حق نواز سمیت کراچی ضلع غربی اور ضلع جنوبی کے مسؤلین وفاق، اساتذہ و مہتممین اور ائمہ مساجد نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ جامعہ فاروقیہ میں پیغام مدارس علماء کانفرس کا آغاز صبح نو بجے ہوا تھا، تقریبا ڈیڑھ بجے کے قریب اختتام ہوا۔ خطابات بہت پر مغز اور حوصلہ افزا تھے، چونکہ یہ مجلس صرف مدارس سے وابستہ علماء و اکابر پر مشتمل تھی، اس لیے مدارس کے داخلی مسائل پر بھی کھل کر گفتگو ہوئی۔ شرکاء کو ایک دوسرے کے خیالات جاننے اور سمجھنے کا موقع ملا۔
پیغام مدارس مہم، سلسلے کا دوسرا پروگرام جامعہ دارالعلوم کراچی میں ۳۰ دسمبر بروز اتوار صبح دس بجے منعقد ہوا۔ دارالعلوم کراچی کی جامع مسجد کا وسیع ہال مدارس کے مہتممین اور ائمہ مساجد سے پُر تھا۔ اجلاس کی کارروائی مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی دامت برکاتہم کی صدارت میں شروع ہوئی۔ کانفرنس سے مولانا ڈاکٹر محمدزبیر اشرف عثمانی، مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان، حضرت مولانا امداداللہ یوسفزئی، حضرت مولانا عزیز الرحمن (استاذِ حدیث دارالعلوم کراچی)، مولانا مفتی محمود اشرف عثمانی (استاذ حدیث دارالعلوم کراچی)، مولانا عبدالستار (مہتمم جامعہ بیت السلام)، مولانا الطاف الرحمن (جامعۃ الرشید)، مولانا اقبال اللہ سابق ایم این اے (لانڈھی)، مولانا ڈاکٹر منظور احمد مینگل، مولانا محمد مظہر اسعدی، اور دیگر علماء کرام نے خطاب کیا۔ جبکہ حضرت صدر وفاق دامت برکاتہم کی نیابت کے لیے مولانا ڈاکٹر سعید اسکندر نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ اس کا نفرنس میں مولانا قاری عبدالرشید (شہدادپور) مولانا عبیدالرحمن چترالی، مولانا مفتی عبدالحمید ربانی، مولانا قاری حق نواز، مولانا ڈاکٹر نصیرالدین سواتی، مولانا عبدالوحید، مفتی اکرام الرحمن سمیت سیکڑوں علماء نے شرکت کی۔ دارالعلوم کراچی میں ہونے والے اس پروگرام کی خصوصیت یہ تھی کہ تمام مقررین نے منتخب موضوعات پر اظہار خیال کیا، جس سے پروگرام کی افادیت دو چند ہوگئی۔
پیغام مدارس علماء کانفرنس سلسلے کا تیسرا پروگرام جامعہ مظاہر العلوم حیدرآباد میں ۱۰ جنوری کو ہوا۔ یہاں پروگرام صبح دس بجے شروع ہو کر تقریبا ڈھائی بجے اختتام پذیر ہوا۔ جبکہ کانفرنس سے حضرت مولانا راحت علی ہاشمی، حضرت مولانا امداداللہ یوسفزئی، مولانا مفتی محمد خالد (ہالا) مولانا زبیراشرف عثمانی، مولانا ڈاکٹر سعید اسکندر، مولانا قاری عبدالرشید (معاون ناظم وفاق سندھ) مولانا محمدابراہیم میمن، مولانا طلحہ رحمانی، مولانا نذیراحمد، مولانا مفتی محمداکمل، مولانا قاری محمدعثمان (جے یو آئی) مولانا عبیداللہ انور، مولانا عبدالاحد، مولانا منظور احمد، مولانا رضاء اللہ اور مولانا اسعد اللہ اور دیگر علماء نے خطاب کیا۔ جبکہ نقابت کے فرائض مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن ارائیں نے انجام دیے۔ یہاں صوبہ سندھ کے سات اضلاع کے مہتممین مدارس، شیوخ حدیث، ائمہ مساجد اور خطباء کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ یہ پروگرام بھی بیانات اور حاضری کے اعتبار سے منفرد تھا۔ نماز ظہر کے بعد صاحبزادہ مولانا طلحہ رحمانی کی مقامی صحافیوں کے ساتھ معلومات افزاء نشست ہوئی۔ مولانا طلحہ رحمانی نے صحافیوں کے سامنے وفاق المدارس کے نصاب و نظام تعلیم، کارکردگی اور مدارس کو ملکی سطح پر در پیش مسائل کے حوالے سے بھرپور بریفنگ دی۔
۲۴ جنوری کو وفاق المدارس کے زیراہتمام دارالعلوم اسلامیہ میرپور خاص میں پیغام مدارس علماء کنونشن منعقد ہو رہا ہے، جس میں میرپور خاص کے علاوہ مٹھی، عمرکوٹ، سانگھڑ اور شہداد پور کے علماء و شیوخ سیکڑوں کی تعداد میں شرکت کریں گے۔ یہ پروگرام علاقے بھر کے مدارس، علماء و طلبہ اور عامۃ الناس کے لیے نوید جانفزا ثابت ہوگا۔ صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نے ان پروگراموں کی تیاریوں کے سلسلے میں ہدایات دیتے ہوئے فرمایا تھا کہ: ’’وفاق المدارس، پاکستان میں اکیس ہزار سے زائد مدارس کا ترجمان اور لاکھوں افراد کا نمائندہ ادارہ ہے۔ اس ادارے کے تحت ہونے والے پیغام مدارس اجتماعات دین اور ملک و ملت کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔ ان اجتماعات کا مقصد مدارس دینیہ کی ملک گیر خدمات تک عوام کی رسائی اور مدارس کو درپیش مسائل سے آگاہ کرنا ہے۔ جو اہل مدرسہ، علماء اور ائمہ مساجد ان پروگراموں کے انعقاد کے لیے محنت کررہے ہیں، وہ لائق تحسین ہیں۔‘‘
حضرت صدر وفاق دامت برکاتہم کے یہ کلمات ہم جیسے خدام کے لیے تمغہ حسن کارکردگی ہیں۔ اہل حق کا قافلہ رواں دواں ہے۔۔۔ ان شاء اللہ حکمت، تدبر اور حوصلے کے ساتھ اپنی منزل کی جانب گامزن رہے گا۔