- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

اہل سنت ایران کا فقہی اجلاس منعقد ہوا

زاہدان (سنی آن لائن) اہل سنت ایران کی اسلامی فقہ اکیڈمی کے زیر اہتمام اکیڈمی کا چوبیسواں اجلاس دارالعلوم زاہدان میں منعقد ہوا جہاں بائیس اور تئیس جنوری دوہزار انیس کو علمائے کرام نے تین فقہی مسائل پرتبادلہ خیال کیا۔
سنی آن لائن کے نامہ نگاروں کے مطابق، اسلامی فقہ اکیڈمی کے چوبیسواں اجلاس میں سیستان بلوچستان، جنوبی خراسان، رضوی خراسان اور گلستان صوبوں کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ مذکورہ اجلاس میں طلاق اور صدقہ فطر کے بارے میں اہم فیصلے ہوئے۔

فقہی مجالس کا انعقاد سماج کی ضرورت ہے
اہل سنت ایران کی اسلامی فقہ اکیڈمی کے چوبیسواں اجلاس کی افتتاحی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے کہا: آئے دن معاشرے میں نئے مسائل پیش آتے ہیں جن کا تقاضا ہے علمائے کرام اکٹھے ہوکر غور وفکر سے ان مسائل کا مناسب حل نکالیں۔ فقہی مجالس کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔
چیئرمین اسلامی فقہ اکیڈمی نے مزید کہا: جدید حالات کا تقاضا ہے جہاں تک ہوسکے ماضی کے فقہا کی آرا کی روشنی میں عوام کے مسائل دور کرنے کی کوشش کی جائے اور نئے فتاویٰ سے عوام کے مسائل کا حل نکالا جائے۔
اجلاس کی آخری نشست میں نامور عالم دین نے کہا: عوام اپنے سماجی، سیاسی اور اصلاحی و شرعی مسائل کے حل کے لیے علمائے کرام کی طرف رجوع کرتے ہیں۔ اس حوالے سے علما کی ذمہ داری کافی بھاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا: علما کو چاہیے وہ خود مثالی کردار ادا کریں۔ تدریس و غیرہ میں جو کمی ہے، اسے ذکر و تلاوت سے پوری کریں۔ مدارس و مساجد کے مالی مسائل میں تقویٰ کا خاص خیال رکھیں۔ دن رات اللہ کی یاد میں گزاریں اور اپنی اور معاشرے کی اصلاح کے لیے محنت کرتے رہیں۔

اہل سنت ایران کی فقہ اکیڈمی کے چوبیسواں اجلاس میں طلاق اور صدقہ فطر کے بارے میں متفقہ فیصلوں کا خلاصہ درج ذیل ہے:
بیوی کو ’’ایک دو تین‘‘ کہنے سے طلاق نہیں ہوگی۔ اگر ’’ ایک دو تین طلاق ہو!‘‘ تین طلاقوں کی نیت سے کہے، تین طلاقیں ہی واقع ہوجائیں گی، لیکن کسی نیت کے بغیر ایسا کہے، اکثر ارکان کی رائے یہی ہے کہ صرف ایک رجعی طلاق واقع ہوگی۔
’’طلاق، طلاق، طلاق‘‘ کہنے سے جب ان کی نسبت بیوی سے نہ کی جائے اور طلاق کی نیت بھی نہ ہو، کوئی طلاق نہیں ہوگی۔ ’’سراسر طلاق‘‘ کہنے کی صورت میں شوہر سے پوچھا جائے، تین طلاقوں کی نیت سے تین طلاقیں واقع ہوں گی ورنہ ایک ہی رجعی طلاق ہوگی۔
نشئی افراد کے طلاق کہنے سے طلاق اس وقت واقع نہیں ہوگی جب یہ لفظ زبان پر لاتے ہوئے وہ مدہوش اور زوالِ عقل سے دوچار ہو اور نارمل حالت سے خارج ہو۔
صدقہ فطر کے لیے تمام منصوصہ اشیا (کھجور، گندم، کشمش، جو) میں سے کسی چیز کی قیمت معلوم کرکے فطرانہ ادا کیا جائے۔ لیکن بہتر یہی ہے فطرانہ اس چیز کے حساب سے دیا جائے جس کی قیمت زیادہ ہو۔

مذکورہ بالا فیصلوں پر اسلامی فقہ اکیڈمی کے چوبیس ارکان نے دستخط کرتے ہوئے ان کی تصدیق کی ہے۔