- سنی آن لائن - http://sunnionline.us/urdu -

وفاقی و صوبائی حکام اور دینی مدارس عملی اتحاد کیلیے محنت کریں

خطیب اہل سنت زاہدان نے تئیس نومبر دوہزار اٹھارہ کے خطبہ جمعہ میں قرآن و سنت کی روشنی میں امت مسلمہ کے اتحاد قائم رکھنے پر زور دیتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکام اور اصحاب مدارس کو عملی اتحاد کے لیے کوشش کرنے کا مشورہ دیا۔
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے زاہدان میں ہزاروں فرزندانِ توحید سے خطاب کرتے ہوئے کہا: افسوس کی بات ہے کہ آج کل مسلمان ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں اور ایک دوسرے کو مارنے پر تلے ہوئے ہیں۔ حالانکہ قرآن و سنت نے مسلمانوں کو کھل کر اتحاد و یکجہتی کی طرف بلایاہے اور انہیں ’امت واحدہ‘ قرار دیاہے۔
انہوں نے مزید کہا: امت مسلمہ کا اتحاد کوئی عقلی و قیاسی مسئلہ نہیں ہے، یہ قرآن و سنت کا واضح حکم ہے۔ اسلامی اتحاد ایک ایسی ضرورت ہے جو کسی وضاحت اور دلائل پیش کرنے کے محتاج نہیں ہے۔ موجودہ حالات میں مسلمانوں کی ضرورت برائے اتحاد پوری طرح محسوس ہورہی ہے۔
’عملی اتحاد‘ پر زور دیتے ہوئے صدر دارالعلوم زاہدان نے کہا: اتحاد صرف نعرے لگانے اور بات کرنے سے حاصل نہیں ہوتا، اس کا مظاہرہ عمل میں ہونا چاہیے۔ تمام اعلی حکام عملی اتحاد کی راہ پر گامزن ہوجائیں اور شیعہ و سنی علمائے کرام بھی مسالک میں فرق نہ رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا: اعلی حکام کو چاہیے سرکاری ملازمتوں اور عہدوں میں عدل و انصاف کا مظاہرہ کریں۔ عوام کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور عملی طورپر تمام لسانی و مسلکی اکائیوں کو اکٹھے رکھیں۔پہلے درجے میں خود پوری ایرانی قوم سے متعلق سمجھیں، پھر دنیا کے تمام مسلمانوں سے محبت کریں اور تمام لوگوں کے لیے سوچیں۔
ممتاز سنی عالم دین نے کہا: ملک کے شیعہ و سنی علمائے کرام، وفاقی و صوبائی حکام ، سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کو میرا پیغام ہے کہ ایرانی قوم میں فرق نہ ڈالیں اور سب کو یکساں نگاہوں سے دیکھیں۔ عمل میں ایرانی شہریوں اور مسلمانانِ عالم میں فرق نہ رکھیں۔ ہمیں دنیا کے تمام مسلمانوں سے بھائی چارہ و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
مولانا عبدالحمید نے کہا: عملی اتحاد ہی سے ہم پائیدار اتحاد و بھائی چارہ حاصل کرسکتے ہیں اور اسی سے پائیدار امن حاصل ہوسکتاہے جس سے دشمن کے سامنے ہماری صفیں مضبوط ہوجائیں گی۔

اپنے خطاب کے ایک حصے میں زاہدان کے مرکزی اجتماع برائے نماز جمعہ میں نومنتخب صوبائی گورنرکی موجودی کا تذکرہ کرتے ہوئے خطیب اہل سنت زاہدان نے گورنر موہبتی کو ایک سمجھدار اور محنتی شخص یاد کیا اور ان کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی موجودہ گورنر کوتاہیوں کے ازالے کے لیے محنت کرکے عوامی مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔
خطیب اہل سنت نے مزید کہا: جو ذمہ دار حاکم مسالک و قومیتوں میں کسی امتیازی سلوک کے بغیر عوام کی خدمت کرے، اس کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جیسا کہ وزیر طاقت اور وزیر ورزش و نوجوانان گزشتہ چند مہینوں میں کئی دفعہ یہاں آئے اور قریب سے عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔

حاجی عبدالوہاب کا انتقال امت مسلمہ کے لیے عظیم نقصان
شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے اپنے خطاب کے آخر میں گزشتہ دنوں امیر جماعت دعوت و تبلیغ حاجی عبدالوہابؒ کے سانحہ انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مکمل مغفرت اور علو درجات کے لیے دعا مانگی۔
شیخ الحدیث دارالعلوم زاہدان نے حاجی عبدالوہابؒ کی خدمات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کے انتقال کو امت مسلمہ کے لیے عظیم نقصان یاد کیا اور ایسی شخصیات کی خالی جگہ پر ہونے کے لیے دعا کی۔